کراچی (ٹی وی رپورٹ)ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ لاہور میں نواز شریف کا جعلی ویکسی نیشن اندراج الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ ہے،ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کی صحت لمبے ہوائی سفر کی متحمل نہیں ہوسکتی، اپوزیشن پارلیمنٹ میں نہ بیٹھی ہو تو حکومت آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دے، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو غیرموزوں قرار دیدیا ہے، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر حتمی رائے نہیں دی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع قانونی طور پر ممکن نہیں ہے، حکومت نے خاتون کے ساتھ ویڈیوز بنا کر چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا، اپوزیشن نہ ہوتی تو حکومتی وزراء کے کانوں سے دھواں نہیں نکل رہا ہوتا، پاکستان کو افغانستان کی خودمختاری کا احترام کرنا چاہئے، افغان عوام اپنے داخلی معاملات طے کرنے کے قابل ہیں، طالبان حکومت کے حوالے سے ہمیں دوست ممالک سے مل کر فیصلہ کرنا چاہئے۔ وہ جیوکے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں افغانستان کی صورتحال پر سینئر صحافی و تجزیہ کار طاہر خان اور سمیع یوسف زئی سے بھی بات کی گئی۔طاہر خان نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے لوگ افغان طالبان کے مہمان ہیں، ٹی ٹی پی کے لوگوں کو جیلوں سے رہا کردیا گیا ہے، مولوی فقیر کو کنڑ جانے دیا گیا تاکہ وہ وہاں رہیں، اب طالبان امیر ملا ہیبت اللہ کو سامنے آجانا چاہئے۔سمیع یوسفزئی نے کہا کہ افغان طالبان کے سربراہ ملا ہیبت اللہ زندہ ہیں اور قندھار میں میٹنگیں کرتے ہیں،افغان طالبان کیلئے ٹی ٹی پی سمیت کسی غیرملکی جہادی گروپ کیخلاف کارروائی کرنا آسان نہیں ہوگا۔ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نےکہا کہ نواز شریف کے ڈاکٹرز کی رپورٹ باقاعدگی سے عدالت میں جمع کروائی جاتی ہے، کسی کی صحت کو سنگین خطرات ہوں تو ضروری نہیں وہ آئی سی یو میں ہوں، کچھ مریض چل پھر رہے ہوتے ہیں لیکن انہیں صحت کے سنگین خطرات کا سامنا ہوتا ہے،ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کی صحت لمبے ہوائی سفر کی متحمل نہیں ہوسکتی، اگر کسی کو شبہ ہے تو پاکستانی ہائی کمیشن سے نواز شریف کی صحت کی صورتحال کی تصدیق کرسکتا ہے، حکومت نے ایک دفعہ بھی یہ آپشن ایکسرسائز نہیں کیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نواز شریف کی صحت ٹاک شوز کی زینت بنا کر اپنی سیاست کرتی ہے، حکومت نے نواز شریف کی بیماریوں کی تصدیق کر کے انہیں باہر بھیجا ہے، اس کے بعد حکومت کا نواز شریف کے معاملہ پر بولنا جواز نہیں رکھتا، میرا گمان ہے کہ نواز شریف نے لندن میں ضرور کورونا ویکسین لگائی ہوگی، لاہور میں نواز شریف کا جعلی ویکسی نیشن اندراج الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا عملی مظاہرہ ہے، اس طرح کے واقعات سے حکومت کی گورننس میں عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی دفعہ لگاتار ایک ہفتہ کورم پورا نہیں ہوا ہے، اپوزیشن پارلیمنٹ میں نہ بیٹھی ہو تو حکومت آئین کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دے، الیکشن چرانے کیلئے ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن سے لے کر وزارت داخلہ کو دیدی گئی، وزیراعظم اتنے بے خبر ہیں کہ جرمنی میں ای وی ایم استعمال کروارہے ہیں، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو غیرموزوں قرار دیدیا ہے، ای وی ایم انتظامیہ کے قبضہ میں ہوگی اسے ٹیمپر کرنا بہت آسان ہوگا، ساڑھے تین لاکھ مشینوں میں صرف پندرہ بیس ہزار مشینوں میں چپ بدل دی جائے تو پورا الیکشن لیپ ٹاپ کے ذریعہ چڑھادیا جائے گا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت ڈکٹیشن نہ لینے پر کسی ادارے کو آگ لگانے کی بات کرے گی تو ہم اس کا ہاتھ روکیں گے، ہمیں بدترین انسٹیٹیوشنل انارکی میں دھکیل دیا گیا ہے، پارلیمنٹ بے وقعت اور سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہیں ہورہا ہے، پنجاب کی لوکل باڈیز مارچ میں بحال کی گئیں حکومت نے آج تک فیصلے پر عمل نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم پر حتمی رائے نہیں دی اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، حکومت ڈسکہ اور فارن فنڈنگ کیس میں مرضی کا فیصلہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کررہی ہے۔