وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ سے کہا ہے کہ لاہور اسلام آباد موٹروے معاہدے کے وقت لندن میں فلیٹ خریدے گئے۔
وفاقی وزیر مراد سعید کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری نے کہا کہ ٹھیکوں پر کرپشن کا پیسہ باہر جا رہا تھا، زرداری، شریف خاندان نے ملک کا پیسہ باہر لگایا۔
انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان نے روس میں بھی بڑا پیسہ چھپا رکھا ہے، عمران خان سڑکوں کے نہیں کرپشن کے خلاف تھے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ اپوزیشن مگر مچھ کے آنسو بہارہی ہے لیکن اِن ہی کی وجہ سے پاکستان اس جگہ پہنچا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف تھے جو سڑکوں کے نام پر کی جارہی تھی جبکہ ہم پر سڑکوں کے خلاف ہونے کا الزام لگایا گیا، سڑک کے بغیر کوئی ترقی کا سفر نہیں ہوسکتا۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ شریف خاندان نے سڑکوں کی تعمیر کو بڑا کاروبار بنالیا، منشی اور چپراسیوں کے اکاونٹ کو سامنے رکھ کر رقم منتقل کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ انگریزی اخبار کے مطابق اسلام آباد موٹروے کی لاگت بڑھ گئی ، جب موٹروے سائن ہورہی تھی تو ایون فیلڈ اپارٹمنٹ خریدے جارہے تھے۔
وفاقی وزراء نے سڑکوں میں کرپشن کا معاملہ پارلیمنٹ اور پبلک اکاونٹس کمیٹی میں لانے کا اعلان کردیا۔
وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ لیگی دورمیں مہنگی سڑکیں بنیں، ہم نے سستی بنائیں، نوازشریف کے بارے میں کہاجاتا رہا ہے کہ کھاتا ہے تو کیا لگاتا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا پیسہ صحت اور تعلیمی سرگرمیوں میں لگ سکتا تھا، لیکن پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ضائع کیا۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ وزارت مواصلات نواز شریف نے اپنے پاس رکھی، سابق وزیراعظم نے موٹروے منصوبے سے اربوں روپے کمیشن لیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو موٹروے ن لیگ نے 37 کروڑ 2 لاکھ سے بنائی، وہ تحریک انصاف نے 17 کروڑ 3 لاکھ کی لاگت سے تعمیر کی، یہ پیسہ کدھر کہاں جارہا تھا؟ لندن جارہا تھا۔
وفاقی وزیر مواصلات نے یہ بھی کہا کہ عمران خان قرضے لیکر موٹروے بنانے کے خلاف تھے،ہماری حکومت ایک موٹر وے بھی قرضے لیکر نہیں بنارہی ہے۔