• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتکاروں کے مسائل کےحل کیلئے عمران ہروقت دستیاب، اسلم اقبال

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) صوبائی وزیر انڈسٹریز و سرمایہ کاری میاں محمد اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر وقت انڈسٹری کی مشکلات و مسائل حل کرنے کیلئے دستیاب ہیں جبکہ ماضی میں وزیراعظم سے ملاقات بھی مشکل تھی۔ معاشی سرگرمیوں میں تعطل سے بچنے کیلئے ویکسین فار آل کی پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی خطے میں مسابقت بہتر رکھنے کیلئے انرجی پیکج کے تحت بجلی اور گیس کی رعایتی قیمت پرفراہمی جاری رہے گی جبکہ ریفنڈز کی ادائیگی کا نظام بھی شفاف اور تیز ترین بنا کر ایکسپورٹرز کو درپیش سرمائے کی قلت کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ وہ پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن(پٹیا) کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے پیٹرن چیف خرم مختار، نومنتخب چیئرمین سہیل پاشا، سابق چیئرمین محمد احمد و دیگر عہدیدار اور اراکین بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر وزیراعظم عمران خان کورونا کی وبا کے آغاز میں انڈسٹری کو بند نہ کرنے کے فیصلے پر قائم نہ رہتے تو آج ہماری انڈسٹری اس طرح ترقی نہ کر رہی ہوتی۔ کنٹری ڈائریکٹر انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن مس اینگرڈ کریسسنز نے کہا کہ اگر دنیا میں کوئی کاروبار نہ تو لوگوں کو روزگار بھی نہیں ملے گا۔ روزگار کی فراہمی اور زرمبادلہ کے حصول میں ایکسپورٹرز کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کو رونا کی وبا کے باوجود جس طرح پاکستانی کی ٹیکسٹائل انڈسٹری نے اپنی لیبر کا خیال رکھا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر اور برانڈڈ لیبر کے خاتمےکیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی طرح دیگر کاروباری شعبوں کو بھی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ نومنتخب چیئرمین سہیل پاشا نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کرینگے کہ برآمدات بڑھانے میں ایکسپورٹرز کو درپیش مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برآمدات میں پاکستان کا شیئر بہت کم ہے جسے بڑھانے کی کوششیں تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور صوبائی وزیر انڈسٹریز میاں اسلم اقبال کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کی کوششوں سے ایکسپورٹرز کے بہت سے مسائل حل ہوئے اور پاکستان کو کو رونا کی وبا کے باوجود معاشی استحکام حاصل ہے۔ سابق چیئرمین محمد احمد نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریفنڈز کی آٹومیٹڈ ادائیگی کا نظام حکومت کا بہترین اقدام ہے اور واجب الادا ریفنڈز کی بڑی تعداد ادا کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹیا کے اراکین کو فیڈمک میں 150ایکڑ اراضی درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں صنعتوں کو اراضی کی فراہمی کیلئے طریقہ کار آسان بنانے کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین