• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنسی زیادتی کیس: شہزادہ اینڈریو اپنی ساکھ بچانے کیلئے کوشاں

امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنے والے برطانوی شہزادے اینڈریو نے عدالتی کیس میں اپنی ساکھ بچانے کی آخری کوشش میں اپنی پوری قانونی حکمت عملی کو باضابطہ طور پر تبدیل کر دیا ہے۔

برطانوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شہزادے کے ایک قریبی ذرائع نے بتایا کہ ’سول کیس لڑنے کے لیے ایک ہائی پروفائل امریکی وکیل اینڈریو بریٹلر کو سامنے لانے کا فیصلہ کیس میں ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتا ہے۔‘

ذرائع نے مزید بتایا کہ ’امریکی ٹیم شہزادے کو اپنی ساکھ بچانے کے لیے ورجینیا رابرٹس کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو چیلنج کرنے کی کوشش کرے گی۔‘

خیال رہے کہ شہزادہ اینڈریو کے پاس تمام الزامات کا جواب دینے کے لیے 29 اکتوبر تک کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ امریکی خاتون ورجینیا رابرٹس کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ برطانوی شہزادہ اینڈریو نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔

ورجینیا نے نیویارک سٹی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ اینڈریو نے بدنام زمانہ جیفری ایپسٹین کے نیویارک والے گھر میں اسے کمسنی میں جنسی حملے کا نشانہ بنایا تھا۔

عدالتی دستاویزات میں شہزادہ اینڈریو پر الزام لگایا گیا ہے کہ بیس سال قبل شہزادہ اینڈریو کو دولت، طاقت، مضبوط پوزیشن اور روابط نے اس قابل بنایا کہ انہوں نے ایک خوفزدہ، کمزور بچی کے ساتھ بدسلوکی کی جہاں اس کی حفاظت کے لیے کوئی موجود نہیں تھا۔

تازہ ترین