• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردار رند کو شکست، سرفراز ڈاہا دوبارہ اسکاؤٹ چیف کمشنر بن گئے

کراچی(سید محمد عسکری)پاکستان بوائز اسکاؤٹ ایسوسی ایشن چیف کمشنر کے انتخابات میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سردار یار محمد رند کو شکست ہوگئی جبکہ پاکستان ریلوے کے سرفراز قمر ڈاہا 40؍ ووٹ لے کر دوبارہ چیف کمشنر پاکستان بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن بن گئے۔ سردار یار محمد رند 31ووٹ لے سکے، وزیر تعلیم شفقت محمود نے چیف کمشنر کے انتخابات کروائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن میں بھی اصلاحات لائیں گے۔تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر کے انتخابات میں تین امیدواروں کے مابین مقابلہ تھا جن میں پی ٹی آئی بلوچستان کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر تعلیم اور معروف سیاسی شخصیت سردار یار محمد رند، عطرت نقوی اور سرفراز قمر ڈاہا شامل تھے۔ اس دوران کانٹے دار مقابلہ کی توقع ظاہر کی جارہی تھی اور سردار یار محمد نے اس حوالے سے خصوصی انتخابی مہم بھی چلائی تھی اور وہ اس مقصد کے کیے کراچی بھی آئے تھے۔ تاہم سرفراز قمر ڈاہا نے 31کے مقابلہ میں 40ووٹ لے کر سرداریار محمد رند کو شکست دے دی جبکہ عطرت نقوی کوئی ووٹ نہ لے سکے۔ کل 71ووٹ ڈالے گئے جبکہ 8ووٹرز غیر حاضر رہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن میں مسائل ہیں انہیں حل کرانے کے لیے آئندہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں یہ معاملہ اٹھائیں گے۔ ان کاکہنا تھاکہ تمام کام کرنا حکومت کی ذمہ داری نہیں ، اداروں اور عوام کو بھی ساتھ دینا ہوگا، بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن ایک آزاد ادارہ ہے اس ادارے کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔

تازہ ترین