جیو انٹرٹینمنٹ کے سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل ’فطرت‘ میں شاندار اداکاری کرکے لکس اسٹائل ایوارڈز کی نامزدگیوں میں اپنی جگہ بنانے والی خوبرو اداکارہ صبور علی نے کہا ہے کہ وہ اپنے چھوٹے بھائی کے لیے والدہ کی حیثیت رکھتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر صبور علی کے ایک پُرانے انٹرویو کی ویڈیو کلپ وائرل ہورہی ہے جس میں وہ اپنی مرحومہ والدہ کا ذکر کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔
صبور علی اپنی والدہ کے بارے میں بات کرتی ہوئے کہتی ہیں کہ ’ماں کبھی اپنی اولاد سے دور نہیں جاتی، وہ ہمیشہ اپنی اولاد کے آس پاس ہی ہوتی ہے۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میری والدہ، اس دُنیا میں نہیں ہیں لیکن وہ مجھے ہر وقت اپنے پاس محسوس ہوتی ہیں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’مجھے ہر خوشی میں اور ہر مشکل وقت میں محسوس ہوتا ہے کہ امّی میرے ساتھ ہیں اور وہ مجھے ہمت اور دلاسہ دے رہی ہیں۔‘
صبور علی نے اپنے چھوٹے بھائی کے حوالے سے کہا کہ ’میں اپنے چھوٹے بھائی کے لیے والدہ کی حیثیت رکھتی ہوں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’وہ میرے لیے بیٹے کی طرح ہے، میرے دل میں ہر وقت اُس کا خیال رہتا ہے، میں جہاں بھی ہوتی ہوں اُس کے بارے میں سوچتی رہتی ہوں اور اُسے کبھی اکیلا نہیں چھوڑتی۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ہمیشہ میرے دل اور خیال میں ہوتا ہے تو جب میں بھائی کو خود سے دور نہیں کرسکتی تو امّی ہم سے کیسے دور جاسکتی ہیں، وہ ہمارے ساتھ ہی ہیں۔‘
واضح رہے کہ ایک انٹرویو کے دوران صبور علی نے کہا تھا کہ ٹاک شوز کے میزبان اپنے مقاصد کے لیےجان کر اُن سے اُن کی والدہ کے بارے میں سوال کرتے ہیں۔
صبور علی کا کہنا تھا کہ ’ہم بہن بھائیوں کے لیے ہماری والدہ کے بارے میں گفتگو کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ ہم جذباتی ہوجاتے ہیں اور دل بھر آتا ہے لیکن اس کے باوجود بھی ٹاک شوز کے میزبان صرف اپنے شو کی ریٹنگ کے مقصد کی خاطر مجھ سے اس بارے میں لازمی سوالات کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ صبور علی کی والدہ کا کینسر کے باعث2017 میں انتقال ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ اداکارہ صبور علی جیو ٹی وی کے ڈرامہ فطرت میں اپنی شاندار پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی ہیں۔