بھارت کے معروف کامیڈین اسٹار کپل شرما نے انکشاف کیا ہے کہ سال 2017-2018 کے دوران، وہ اس قدر ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے کہ اُنہیں اپنا شو چھوڑنا پڑگیا تھا اور اُس مشکل وقت میں اُن کی اہلیہ ہی اُن کا سب سے بڑا سہارا تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’فیور ایف ایم کے باؤنس بیک بھارت فیسٹیول‘ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کپل شرما نے اپنی زندگی کے اس مشکل وقت کا ذکر کیا جب وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئے تھے اور اُن کی اہلیہ اُن کے ساتھ کھڑی تھیں۔
کپل شرما نے کہا کہ ’جب انسان ذہنی دباؤ کا شکار ہوتا ہے تو اس وقت، اس کو نہیں لگتا کہ کچھ بھی بدلے گا کیونکہ اس وقت تمام چیزیں منفی معلوم ہوتی ہیں اور آپ کا ذہن، آپ کو مثبت چیزیں سوچنے کی اجازت ہی نہیں دیتا ہے۔‘
کامیڈین اسٹار نے کہا کہ ’میں جب ڈپریشن کا شکار ہوا تھا تو میرے خاندان نے مجھے اس وقت طاقت دی، خاص طور پر میری اہلیہ نے، وہ سب کچھ جانتی تھیں کہ میری زندگی میں کیا ہو رہا ہے لیکن پھر بھی اُس نے میرا ساتھ نہیں چھوڑا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میری ماں ذہنی بیماریوں اور ڈپریشن کے بارے میں کچھ نہیں جانتی تھی، وہ ایک چھوٹے سے گاؤں کی خاتون ہیں اور یہاں تک کہ مجھے بھی نہیں معلوم تھا کہ ڈپریشن ہوتا کیا ہے لیکن میڈیا والوں کا بھلا ہو جنہوں نے خبر شائع کی کہ کپل شرما ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں۔‘
کپل شرما نے اہلیہ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ میری اہلیہ ہی تھیں کہ جنہوں نے مجھے واپس کام پر جانے کے لیے مجبور کیا، وہ ایک مضبوط ستون کی طرح میرے ساتھ رہیں۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میری اہلیہ میری زندگی میں میرے لیے ایک بڑی طاقت ہے، اہلیہ نے مجھے بتایا کہ عوام مجھ سے محبت کرتی ہے اور مجھے کام پر واپس جانا چاہیے، اہلیہ نے کہا کہ اپنا شو دوبارہ شروع کریں ، آپ کو اچھا لگے گا۔‘
واضح رہے کہ سال 2017 میں کپل نے اپنے شوز منسوخ کرنا شروع کردیے تھے اور وہ اکثر شوٹنگ پر بھی دیر سے آتے تھے جس کے بعد یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ کپل شرما ڈپریشن کا شکار ہوگئے ہیں۔
ایک سال بعد ، کپل نے فیملی ٹائم ود کپل شرما کے ساتھ واپسی کی لیکن اُن کا یہ شو کامیاب نہ ہوسکا۔
اس کے بعد، وہ سلمان خان کے تعاون سے دی کپل شرما شو کے نئے سیزن کے ساتھ واپس آئے اور کچھ اقساط کے بعد شو مقبول ہوگیا۔
خیال رہے کہ بھارتی کامیڈین کنگ کپل شرما کی شادی دسمبر 2018 میں گینی سے ہوئی تھی۔