ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کامیڈین کنگ عُمر شریف کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عُمر شریف کی موجودگی سے جنت مزید خوشگوار ہوگی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کامیڈین کنگ عُمر شریف کی کامیڈی کی یادگار ویڈیو شیئر کی۔
ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مرتضیٰ وباب صدیقی نے لکھا کہ ’عُمر شریف بہترین مزاح نگاروں میں سے ایک تھے۔‘
مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ اللہ عمر شریف کے خاندان کو صبر اور طاقت دے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کی موجودگی سے جنت مزید خوشگوار ہوگی۔‘
واضح رہے کہ لیجنڈ کامیڈین عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
اداکار عمر شریف 4 روز سے جرمنی کے اسپتال میں داخل تھے ، انہیں کراچی سے واشنگٹن علاج کیلئے پہنچایا جارہا تھا لیکن ناساز طبیعت کے باعث انہیں جرمنی کے اسپتال میں ہی داخل کردیا گیا تھا۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب ، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980 میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔
عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔