• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور فن لینڈ کے مابین تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون کی ضرورت ہے، ظہور احمد

سٹاک ہوم ( کاشف عزیز بھٹہ ) سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمد نے فن لینڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سمیت فن لینڈ کی اعلیٰ سطح کی سرکاری اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں فن لینڈ کے وزیر خارجہ پیکا ہیو سٹو ، وزیر برائے ڈیولپمنٹ کارپوریشن اینڈ فارن ٹریڈ ولے سکیناری، فن لینڈ کی وزارت خارجہ کے مستقل سیکرٹری ماٹی اینٹونن ، پریتا اسونما ، ڈائریکٹر جنرل ڈپارٹمنٹ برائے امریکہ اور ایشیا ، وزارت خارجہ برائے فن لینڈ ، فنش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے ڈائریکٹر میکا آلتولا، نائب صدر الٹو یونیورسٹی ہیلنسکی ہونا سری سٹو سے ملاقات اور یونیورسٹی کا دورہ ، سی ای او میکو مائلیکوسکی کے ساتھ ملاقات اور ہوریکا سائنس سنٹر ہیلسنکی کا دورہ، BETA ، B. Engström ٹیکسٹائل ایجنسی ، بوبی Engström ، بانی اور سی ای او سے ملاقات شامل ہیں۔ان اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے ہیلنسکی میں پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو فن لینڈ کے سیاسی نظام میں متحرک ہونا چاہیے۔انہوں نے پاک ،فن لینڈ تعلقات بہتر بنانے اور کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں مگر ضرورت اس بات کی ہے کہ مثبت امور کو دیکھا جائے اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کیا جائے،سفیر پاکستان نے کہا کہ فن لینڈ میں موجود ہماری پاکستانی کمیونٹی انتہائی محنتی اور پیار کرنے والی ہے جب کہ فن لینڈ کے حکومتی اعلیٰ حکام کی رائے بھی ہماری کمیونٹی کے بارے میں بہت اچھی ہے جس پر مجھے فخر ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے مابین تعلیم، ٹیکنالوجی، تجارت سمیت کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت ہے۔سفیر پاکستان نے کہا کہ اب پاکستان کے حالات تیزی سے بہتری کی جانب گامزن ہیں جس کی بنیادی وجہ دہشت گردی کے خلاف موثراقدامات، معاشی استحکام اور جمہوری عمل میں تسلسل ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کو پزیرائی مل رہی ہے، پاکستان دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں میں شامل ہے، پاکستانی معاشرہ کا ایک دوسرا مثبت پہلو یہ ہے کہ اس کی بیشتر آبادی نوجوانواں پر مشتمل ہے ، یہ نوجوان پاکستان میں معاشی اور سائنسی ترقی میں اہم کردار اداکر رہے ہیں، پاکستان نے جس دلیری سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے دنیا اس کی قائل ہے، پاکستان میں جی ڈی پی گروتھ، جمہوری روایات کا فروغ اور بیرونی سرمایہ کاری کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان صحیح سمت کی جانب گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ فن لینڈ میں پاکستانی صنعت کاروں کے لئے تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان مواقع سے مستفید ہونے کے لیے پاکستانی سفارتخانہ کا تمام عملہ بشمول تھرڈ سیکرٹری رزاق تھیبو اور ٹریڈ کونسلر غلام مصطفی ہر قسم کی معلومات اور رہنمائی فراہم کر رہےہیں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ فن لینڈ میں پاکستانی طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد زیر تعلیم ہے، فن لینڈ میں سائنس اور ریسرچ کے شعبوں میں بہترین کام ہو رہا ہے اور پاکستانی نوجوانوں کو اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔ واضح رہے کہ سفیر پاکستان برائے سویڈن و فن لینڈ ڈاکٹر ظہور احمدجو اچھی شہرت کے حامل ایک منجھے ہوئے اور تجربہ کار سفارتکار ہیں جو دنیا کے اہم ترین ممالک میں ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اور اس وقت جب پاکستان کو خارجہ محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے سویڈن و فن لینڈ کیلئے تعینات سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سویڈن اور فن لینڈ میں پاکستان کا مقدمہ لڑتے ہوئے نظر آتے ہیں اور اب جب اسکینڈے نیویا کے ان اہم ممالک میں کورونا وبا کے باعث لگی ہر قسم کی پابندیاں ہٹا لی گئی ہیں، ڈاکٹر ظہور احمد اور زیادہ سرگرم عمل ہو گئے ہیں ۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سیشن کے موقع پر فن لینڈ کے ہم منصب پیکا ہیو سٹو اور سویڈن کی ہم منصب آنا لندے سے ملاقات کے بعد وہ سویڈن اور فن لینڈ کے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بنانے اور افغانستان کی موجودہ صورتحال اور خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے نقطہ نظر کو پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مل کر اور زیادہ اجاگر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

تازہ ترین