آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے بھارت کے پروپیگنڈے کا موثر جواب دینے کے عزم کا اعادہ ایسے وقت میں جب دشمن اقتصادی، سیاسی و سماجی ہر میدان میں وطنِ عزیز کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے پر کمر بستہ ہے، ایک درست اور بروقت حکمتِ عملی ہے۔ 244ویں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کا بےبنیاد پروپیگنڈہ اس کی مایوسی کا مظہر ہے۔ پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت داخلی مسائل سے توجہ ہٹانا اور پاکستان میں قربانیوں سے حاصل امن و امان کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔ اجلاس میں ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز، علاقائی سیکورٹی بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لینے کے ساتھ خطے کی تیزی سے بدلتی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ حقیقت یہ ہے کہ قیامِ پاکستان کے ابتدائی برسوں سے ہی پڑوسی ملک بھارت نے وطنِ عزیز کے وجود کو مٹانے کے ناپاک ارادوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے سازشوں کا جال بننا شروع کردیا تھا اور آج 74سال گزر جانے کے باوجود حریف ملک کی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ وہ ہر میدان میں اپنی سفارت کاری اور عالمی سطح پر پروپیگنڈے کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے پاکستان کیلئے نت نئی مشکلات کھڑی کرتا رہتا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک طویل جنگ لڑنے اور متعدد اقدامات کرنے کے باوجود پاکستان کو فیٹف کی جانب سے اب تک گرے لسٹ میں رکھنا، پڑوسی ملک کی مضبوط لابنگ کی ایک جھلک ہے۔ اسی طرح مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے مسلسل پاکستان پر دہشت گردی کے بےبنیاد اور لغو الزامات عائد کرنا بھی بھارتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ ضروری ہوگا کہ حکومتی سطح پر ایسی حکمت عملی وضع کی جائے جو ان دونوں شعبوں کا احاطہ کرے۔
اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998