• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے 500 ارب کا تاریخی ترقیاتی پیکج

10اکتوبر کو آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 3میرپور شہر اور حلقہ ایل اے 12چڑھوئی میں خالی ہونیوالی اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں زور و شور سے انتخابی مہم جاری ہے۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے ان دونوں حلقوں میں PTI کے امیدواران کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔ حلقہ ایل اے 3میرپور میں 10سالوں میں یہ چھٹا الیکشن ہے۔ 2011، 2015( ضمنی انتخاب)، 2016 ،2019 ( ضمنی انتخاب)، 2021 اور اب 10اکتوبر کو چھٹا انتخاب ہوگا۔ 

اتنی قلیل مدت میں 6انتخابات کے انعقاد سے سچ تو یہ ہے کہ میرپور کے لیڈرز اور عوام بھی تھک چکے ہیں اور اسکا تذکرہ نجی محفلوں میں بھی کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن اسکے باوجود انتخابی سیاست کی روایات کے عین مطابق سابق وزیراعظم وصدر PMLNآزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان میرپور اور چڑھوئی کے انتخابی حلقہ جات میں مسلم لیگ ن کے امیدواران کی انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان اور سابق وزیر چوہدری محمد سعید نے حکمران جماعت PTIپر الزامات عائد کیے ہیں کہ ضمنی انتخاب پر اثر انداز ہونے کیلئے سرکاری ملازمین کو ہراساں کیا جا رہاہے۔ محکمہ انکم ٹیکس ، محکمہ مال اور محکمہ برقیات سمیت دیگر محکمہ جات کے ذریعے کاروباری طبقات اور عام شہریوں کو بلیک میل کرکے PTIکو ووٹ دینے اور وفاداریاں بدلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ جبکہ PTIکے امیدوار یاسر سلطان چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی واضح شکست دیکھتے ہوئے جھوٹ پر مبنی الزامات عائد کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن اور راجہ فاروق حیدر خان کی میرپور دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوام میں شدید رد عمل پایا جاتا ہے۔ PTIکی کامیابی نوشتہ دیوار ہے۔ PTIآزاد کشمیر کے صدر و موسٹ سینئر وزیر سردار تنویر الیاس نے بھی ان دونوں انتخابی حلقوں کا مختصر اور محدود وزٹ کیا ہے۔ 

اس ضمنی الیکشن میں اہم بات یہ کہ ریاست کی 2قد آور شخصیات صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے بیٹے یاسر سلطان چوہدری (میرپور) اور پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین کے فرزند چوہدری عامر یاسین (چڑھوئی ) بھی حصہ لے رہے ہیں۔ تاہم حلقہ ایل اے 3میرپور میں قابل ذکر امیدواران میں سابق وزیر چوہدری محمد سعید PMLN، سابق معاون خصوصی چوہدری محمد اشرف PPP، چوہدری یاسر سلطان PTI، عمیر اصغر چوہدری TLPجبکہ حلقہ ایل اے 12چڑھوئی سے راجہ ریاست PMLN، چوہدری عامر یاسین PPP، چوہدری شوکت فرید PTIکے مابین مقابلہ ہے۔ بادی النظر میں میرپور سے چوہدری یاسر سلطان PTIاور چڑھوئی سے PPPکے امیدوار چوہدری عامر یاسین کو سبقت حاصل ہے۔ تاہم ابھی الیکشن میں کچھ روز باقی ہیں ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے 500ارب روپے کا تاریخی میگا ترقیاتی پیکج دیا ہے۔ میگا ترقیاتی پیکج کے فنڈز مرحلہ وار آزاد کشمیر کو دئیے جائیں گے۔ جسکا اعلان مظفرآباد میں وزیراعظم پاکستان خود کریں گے ۔ جس پر وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت وزراء PTIکے ممبران اسمبلی اور کارکنان ریاست بھر میں خوشی کا اظہار اور اخبارات و سوشل میڈیا پر عمران خان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں ۔ 

اس سلسلہ میں صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین کا کہنا ہے کہ جسطرح گلگت بلتستان کیلئے جعلی پیکج کا اعلان ہوا تھا۔ اسی طرح آزاد کشمیر کیلئے 500ارب روپے کا پیکج بھی لالی پاپ کے سوا کچھ نہیں ۔ آزاد کشمیر کے عوام یہ بھی توقع کرتے ہیں کہ 8اکتوبر 2005 کے زلزلے سے متاثرہ تعلیمی اداروں کی عدم تکمیل ، میرپور میں قیامت خیز زلزلے کو 2سال گزرنے ، اربوں روپے کی املاک تباہ ہونے اور سروے و فہرستیں مکمل ہونے کے باوجود معاوضوں کی عدم ادائیگی ، گزشتہ 16سال سے ’’رٹھوعہ ہریام بریج ‘‘ کا التواء کا شکار ہو جانا، منگلا ڈیم ریزنگ پراجیکٹ کے ٹائونز کے ادھورے کام ، ذیلی کنبہ جات کے مسائل کو بھی اس تاریخی میگا پراجیکٹ میں شامل کرکے لوگوں کا احساس محرومی دور کیا جائے گا۔ 

ذرائع کیمطابق اس پیکج کے منصوبوں کی ہر سرگرمی کیلئے فوکل پرسن مقررکیے جائیں گے ۔ جو وفاقی وزارت منصوبہ بندی و ترقی اور PCP کیساتھ لیزان رکھتے ہوئے منصوبوں کو معیار اور اندریں معیاد ان کی تکمیل یقینی بنائیں گے ۔ جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ تاہم اس بات کو بھی مد نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ اداروں کی کپیٹسی بلڈنگ میں اضافے اور کمیشن خور مافیا کی دسترس سے محفوظ بنانے کے علاوہ کاموں کے معیار کی نگرانی اور منصوبہ جات کی بروقت تکمیل ، اقرباء پروری اور سیاسی انتقام سے بالاتر ہوکر ہی اس تاریخی میگا پراجیکٹ کے ثمرات گراس روٹ لیول تک پہنچ سکتے ہیں ۔

تازہ ترین
تازہ ترین