متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور سابق میئر کراچی وسیم اختر نے سندھ حکومت پر 40 لاکھ جعلی ڈومیسائل بنوانے کا الزام لگادیا۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں وسیم اختر نے کہا کہ حیدر آباد اور کراچی کو لوٹا جارہا ہے، 10 اکتوبر کو حیدر آباد میں شہری حقوق ریلی کا انعقاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جعلی ڈومیسائل پر لوگوں کو شہروں میں تعینات کیا جارہا ہے، موجودہ سندھ حکومت نے 40 لاکھ جعلی ڈومیسائل بنوائے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ گندم پنجاب میں سستی، سندھ میں مہنگی ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں وزرائے اعلیٰ کام کررہے ہیں، سندھ کا نہیں کررہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں مزید صوبے بنیں گے تو پاکستان ترقی کرے گا، سندھ حکومت اپنا قبلہ درست کرے، وفاق سے جو ہم نے مطالبات کیے ہیں، وہ پورے ہورہے ہیں۔
وسیم اختر نے یہ بھی کہا کہ لاڑکانہ میں سب سے زیادہ ایچ آئی وی کے مریض ہیں، کراچی پیکیج میں سندھ حکومت کو کوئی دلچسپی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھی بھائی بھی مشورہ دے رہے ہیں کہ صوبہ بننا چاہیے، وفاقی حکومت کو جس طرح کراچی کو دیکھنا چاہیے ویسے نہیں دیکھ رہی۔
میئر کراچی نے کہا کہ وفاقی حکومت مصلحت پسندی سے باہر نکلے، اٹھارویں ترمیم کا مقصد یہ نہیں کہ ریاست کے اندر ریاست بنادیں۔