• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سارہ اور فلک کی بیٹی کی پہلی جھلک منظرِ عام پر

گزشتہ روز ننھی پری کے والدین بننے والی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی سارہ خان اور فلک شبیر کی بیٹی کی پہلی جھلک منظرِ عام پر آگئی ہے۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلک شبیر نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں سارہ خان نے اپنی ننھی پری کو گود میں لیا ہوا ہے اور اُنہیں پیار کررہی ہیں۔


اس کے ساتھ ہی فلک شبیر نے کچھ تصویریں بھی شیئر کی ہیں جن میں سے ایک تصویر میں سارہ خان اور فلک شبیر محبت بھری نظروں سے بیٹی کو دیکھ رہے ہیں جبکہ اگلی تصویر میں فلک شبیر اور اُن کی بیٹی کو ایک جیسے انداز میں سوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فلک شبیر نے اپنی خوبصورت پوسٹ کو ایک طویل کیپشن بھی دیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ’عورت سے زیادہ مضبوط اور طاقتور کوئی نہیں، وہ اپنے بچے کی پیدائش کے عرصے میں شروعات سے لیکر آخر تک جو تکالیف برداشت کرتی ہے، وہ قابلِ تعریف ہیں۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ مائیں سپر ہیروز ہوتی ہیں کیونکہ وہ کائنات کی ہر چیز کو سنبھال سکتی ہیں۔‘

اُنہوں نے اپنی اہلیہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’سارہ! تم ناصرف میری بیٹی کی ماں ہو بلکہ میرے دل کی دھڑکن بھی ہو۔‘

فلک شبیر نے مزید کہا کہ ’میں وعدہ کرتا ہوں کہ میں تم سے پیار کروں گا اور اپنی آخری سانس تک تمہاری اور ہماری بیٹی کی حفاظت کروں گا۔‘

واضح رہے کہ سارہ خان اور فلک شبیر کے ہاں گزشتہ روز بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے جس کی اطلاع گلوکار نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی۔

فلک شبیر نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں مداحوں کو ربیع الاول کے چاند کی مبارک دیتے ہوئے لکھا کہ ’آج اس بابرکت دن کے موقع پر اللّہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی رحمت سے نوازا ہے۔‘

گلوکار نے خوشی کے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’عالیانہ فلک‘ رکھا ہے۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں کی دُعاؤں اور محبت کے لیے اُن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین