• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑی سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

فلک شبیر نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کا رُخ کرتے ہوئے اپنے مداحوں کو اپنی ننھی پری کی پیدائش کی خوشخبری سُنائی۔


گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک خوبصورت تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے اپنے ہاتھوں پر اہلیہ سارہ خان اور اپنی ننھی پری کا ننھا سا ہاتھ رکھا ہوا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں اپنے مداحوں کو ربیع الاول کے چاند کی مبارک دیتے ہوئے لکھا کہ ’آج اس بابرکت دن کے موقع پر اللّہ تعالیٰ نے ہمیں اپنی رحمت سے نوازا ہے۔‘

فلک شبیر نے لکھا کہ ’اپنی بیٹی کی آمد کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے اور میں اسے بہت پیار کرتا ہوں۔‘

گلوکار نے خوشی کے اس موقع پر اللّہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیٹی کا نام ’عالیانہ فلک‘ رکھا ہے۔

اُنہوں نے اپنے مداحوں کی دُعاؤں اور محبت کے لیے اُن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ رواں برس جون میں سارہ خان نے اپنے ہاں ننھے مہمان کی جلد آمد متوقع ہونے کی خوشخبری سُنائی تھی۔

سارہ خان کا کہنا تھا کہ فلک اور میری زندگی میں بہت جلد ننھا مہمان آنے والا ہے، بس آپ سب لوگ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید