لاہور ( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اداروں کو کمزور اور بدنام کیا، گورننس بہتر کی ہوتی تو حالات قدرے مختلف ہوتے، پی ٹی آئی کے سوا 3برس ناکامیوں کی داستان ہیں، پی پی اور پی ڈی ایم نے تحریک انصاف کی حکومت کو مسلسل سپورٹ کیا، چترال سے کراچی تک عوام کی اکثریت کسمپرسی کا شکار ہیں، مہنگائی نے لوگوں کو لاچار کر دیا، بے روزگاری کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا، ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے مزید کہا کہ اندرون سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان مسائل کی آماجگاہ بن چکے ہیں، گوادر اور مکران میں مقامی آبادی کیخلاف زیادتیاں بند کی جائیں، لٹل پیرس میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، لوڈشیڈنگ، صحت اور تعلیم کے بے پناہ مسائل ہیں، عوام کا واحد ذریعہ روزگار ماہی گیری ختم کیا جا رہا ہے، امن و امان سوالیہ نشان بن گیا، مقامی رہائشیوں کا تشخص اور املاک خطرے میں ہیں، سی پیک اور گوادر پورٹ پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے۔