گلوکارہ میشا شفیع کا ذہنی صحت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی سطح پر منائے جانے والے ایک دن کے بارے میں کہنا ہے کہ ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ایک دن ناکافی ہے۔
میشا شفیع نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ذہنی صحت کی اہمیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ’وہ بہتر محسوس کر رہی ہیں، ذہنی صحت کے حوالے سے عالمی دن آیا اور چلا گیا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ اس کے لیے ایک دن نامزد کرنا احمقانہ ہے۔ ‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ان کا یہ دن کوئی بہت زیادہ اچھا نہیں تھا جبکہ انہیں پچھلے کچھ ہفتوں سے ذہنی صحت کی وجہ سے پریشانی کا سامنا تھا۔‘
میشا شفیع نے مزید لکھا کہ ’کسی کے لیے بھی ذہنی صحت کے بارے میں بتانا ناممکن ہے اور خاص طور پر ان لوگوں کو جو آپ کو آن لائن دیکھ رہے ہوں۔ ‘
گلوکارہ نے مزید لکھا کہ ’ناقدین کی بکواس تو جاری رہتی ہے اور انہیں ان کی کوئی پروا نہیں ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’وہ اب صرف اپنے چند قریبی اور قابلِ اعتبار لوگوں سے بات کرتی ہیں، اور یہی مشورہ انہوں نے اپنے مداحوں کو بھی دیا کہ ایسے لوگوں سے بات کریں جو قابلِ اعتبار ہوں۔‘
میشا شفیع نے مزید لکھا کہ ’اپنے ساتھ نرم روّیہ اختیار کریں، صبر کریں، اور اپنے ذہنی سکون کے لیے آپ کو جس چیز کی بھی ضرورت ہے وہ کریں، زیادہ سونا چاہتے ہیں تو سوجائیں، رونا آتا ہے تو روئیں، اگر اپنی فیملی سے پریشان ہیں تو کچھ وقت دوری اختیار کرلیں اور تنہائی میں بیٹھیں۔‘
انہوں نے اپنی بات کا اختتام کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس وقت اپنے پاس موجود نعمتوں پر شکر ادا کریں جبکہ ان کا ملنا آسان نہ ہو اور زندگی میں آسانی کے لیے دعا کریں۔‘
خیال رہے کہ ہر سال 10 اکتوبر کو ذہنی صحت کی اہمیت اور اس سے جُڑے مسائل کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر ’ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے‘ منایا جاتا ہے۔