• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارہ میرا ذہنی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں: شمعون عباسی

معروف اداکار و پروڈیوسر شمعون عباسی نے کہا ہے کہ اس وقت اداکارہ میرا ذہنی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے میں ہمیں اُن کی مدد کرنی چاہیے۔

سوشل میڈیا پر شمعون عباسی نے اداکارہ میرا کا ایک بیان شیئر کیا جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ فلم بنانے کے لیے اُن کی مالی مدد کی جائے، اگر اُن کی مدد نہیں کی گئی تو وہ خودکشی کرلیں گی۔


میرا کے اس بیان نے شمعون عباسی کو شدید مُتاثر کیا اور وہ اداکارہ کا ساتھ دینے میدان میں آگئے۔

شمعون عباسی نے انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ ’ہماری سُپر اسٹار میرا جی کو ہماری توجہ کی اشد ضرورت ہے، وہ ذہنی اور مالی طور پر مشکل وقت سے گزر رہی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اُنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات سرانجام دی ہیں اور اب ہمیں چاہیے کہ ہم اُن کے ذہنی اور مالی مسائل میں اُن کا ساتھ دیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ہم نیا پاکستان حکام سے درخواست کر سکتے ہیں کہ وہ اداکارہ میرا کو اعلیٰ حکام کے ساتھ بیٹھنے اور بات چیت کرنے کا موقع فراہم کریں اور اُن کے مسائل کو حل کریں۔‘

شمعون عباسی نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان میں کئی شعبوں میں لاکھوں ڈالر خرچ کیے جا رہے ہیں اور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے اور مجھے یقین ہے کہ صرف ایک فلم کے لیے مالی مدد کرنا زیادہ مشکل نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اداکارہ میرا کی ذاتی زندگی کے بارے میں کوئی بھی ناپسندیدہ تبصرہ اس پوسٹ سے فوری طور پر ڈیلیٹ کر دیا جائے گا لہٰذا منفی تبصروں سے گریز کریں۔‘

اداکار نے مزید کہا کہ ’کسی کی ذاتی زندگی، آپ کے لیے ایک لطیفہ یا مضحکہ خیز میم ہوسکتی ہے لیکن آپ کے تبصروں سے وہ انسان جس ذہنی اذیت سے گُزرتا ہے، آپ کو اُس کا بالکل اندازہ نہیں۔‘

تازہ ترین