• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کردیا، صدر علوی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں نے معیشت کو صحیح سمت میں گامزن کردیا ہے،پاکستان خطے میں معاشی مرکز کے طورپر ابھرا ہے،حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے سرمایہ کار راغب ہوئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو کراچی میں پروٹون آٹو پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ملک میں گاڑیوں کے مقامی یونٹس کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر سکھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی نوجوان آبادی کو ہنر مند بنانا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے سرمایہ کار راغب ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین منفرد نظر آرہا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا میں اس وقت تجارتی مفادات کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور انسانی اقدار کو پس پشت ڈالا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا میں بھارت کے ایک بڑے تجارتی پارٹنر ہونے کی وجہ سے اس کے کشمیر میں ڈھائے جانے والے ظلم و ستم پر پردہ ڈالاجارہاہے۔ صدر مملکت نے افغانستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا افغانستان میں یکجہتی والی حکومت چاہتی ہے لیکن اس وقت افغانستان کو تعمیر نو اور سپلائز کے ساتھ ساتھ اس بات کی ضرورت ہے کہ وہاں استحکام ہو، افغانستان کے ساتھ دنیا کی تجارت بڑھے گی تو امن کا امکان بڑھ جائے گا،تقریب سے کراچی میں ملائیشیا کے قونصل جنرل خیرالنظران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان باہمی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات 1957سے قائم ہیں۔انہوں نے کہاکہ پروٹون ساگا اس کی ایک علامت ہے ۔ تقریب سے الحاج فاموٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہلال خان آفریدی نے خطاب کیا۔

تازہ ترین