• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بارسلونا کے قریبی شہر روبی میں نوجوان پاکستانی دکاندار کا قتل

بارسلونا(جواد چیمہ)بارسلونا کے قریبی شہر روبی میں ایک پاکستانی دکاندار چوری کی واردات میں شدید ترین زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہوگیا،یہ واقعہ پُرتشدد ڈکیتی کا نتیجہ تھا، نوجوان پاکستانی کے قتل کے خلاف مقامی اسپینش آبادی نے بلدیہ روبی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا شرکا نے تالیاں بجا کر اور نعرے لگا کر احتجاج ریکارڈ کرایا،احتجاجی مظاہرہ میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت اور اس قتل کی بھر پور مزمت کی۔ اس موقع پر اسپینش اور پاکستانی افراد نے بلدیہ کی میئر کو اپنے مطالبات سے بھی آگاہ کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ آئے روز اسپین میں چوری ڈکیتی اور پُرتشدد واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اس کے نتیجہ میں لوگ اپنی جانیں گنوا رہے ہیں، پہلے کبھی یہاں پر پستول اور دیگر اسلحہ دیکھنے کو نہیں ملتا تھا لیکن چند ماہ میں کئی بار پستول دکھا کر ڈکیتی اور چوری کی وارداتیں سامنے آ چکی ہیں، ہم کاروباری لوگ ہیں ہمیں تحفظ چاہئے، ایسے ماحول میں ہم غیر محفوظ ہیں، ہم ہی نہیں بلکہ ہر شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتا ہے ،گلی محلہ میں چلتے افراد سے بھی چور موبائل ،گھڑیاں اور قیمتی اشیا چھین کر بھاگ جاتے ہیں، بلدیہ کے سامنے موجود سیکٹروں کی تعداد میں موجود اسپینش کمیونٹی کا کہنا تھا کہ اسپین اپنا قانون تبدیل کرے، موجودہ قانون چور کو سزا نہیں دیتا یہی وجہ ہے کہ وارداتیں عام ہورہی ہے۔ اس موقع پر مقتول کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور بلدیہ کی جانب سے سوگ میں پرچم کو سرنگوں کردیا گیا۔لوگوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں،یہاں کوئی الگ شناخت نہیں رکھتا،ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں،کوئی بھی شخص اگر چوری کرتا ہے یا قانون توڑتا ہے تو اسے سزا ملنی چاہئے،ملک کو چوروں سے پاک کیاجائے۔ احتجاجی مظاہرہ میں معروف سماجی شخصیت حاجی نوید وڑائچ نے کہا کہ خدارا اپنی دکانوں میں کیمرے لگوائیں اور چور کے ساتھ مت الجھیں،چور چوری کرتا ہے تو کرنے دیں اپنی جان بچائیں جو سب سے زیادہ قیمتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پولیس اور مقامی حکومت ایک ہفتہ میں قاتلوں کو گرفتار نہیں کرتی اور سست روی کا مظاہرہ کرتی ہے تو میں اپنے پاکستانی لیڈران سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ احتجاج کی کال دیں اور روبی کے گلی محلوں کو پاکستانیوں اور مقامی لوگوں سے بھر دیں، مقتول پاکستانی نوجوان دکاندار کی دکان سے ایک گروہ نے جب الکحل کی بوتلیں چرائیں تو وہ چوروں کے پیچھے بھاگا، نتیجتاََ دوافراد کی مقتول سے گلی میں لڑائی ہوگئی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا،اس کو طبی امداددی گئی مگر اس کی جان نہیں بچائی جاسکی،پولیس قتل کی واردات کی تحقیقات کررہی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے،یادرہے کہ کاتالونیا کے علاقے میں رواں ہفتے کے دوران تین افراد قتل ہوچکے ہیں۔ 
تازہ ترین