خیبر پختونخوا ہاکی لیگ میں پشاور فیلکنز اور بنوں پینتھرز نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ سیمی فائنل میں کوہاٹ ایگلز کو شکست ہوگئی۔
ٹرائبل لائنز نے ریفری کے فیصلے پر احتجاج کیا اور واک آؤٹ کرگئے، پشاور کو آدھے میچ کے بعد فاتح قرار دے دیا گیا۔
ایکشن سے بھرپور کے پی ہاکی لیگ کے میچز جیو سوپر پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
خیبرپختونخوا ہاکی لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں بنوں پینتھرز نے کوہاٹ ایگلز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 کے مقابلے 5 گول سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔
بنوں کے ذاکر اور سفیان نے 2 ، 2 جبکہ خیرﷲ نے 1 گول کیا، کوہاٹ ایگلز کی طرف سے ارباز نے 4 گول کئے۔
دوسرے سیمی فائنل میں پشاور فیلکنز کو ٹرائبل لائنز کے خلاف 1-2 کی برتری حاصل تھی کہ اس موقع پر پشاور کو پنالٹی اسٹروک دیا گیا۔
جس پر ٹرائبل لائنز نے احتجاج کیا اور میدان سے باہر آگئی، کچھ دیر انتظار تک جب ٹیم میدان میں واپس نہ آئی تو منتظمین نے پشاور فیلکنز کو میچ کا فاتح قرار دے دیا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل جمعہ کو پشاور فیلکنز اور بنوں پینتھرز کے درمیان ہوگا، جیو سوپر یہ میچ بھی براہ راست نشر کرے گا۔