پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان سلمان اکبر نے امریکی ہاکی ایسوسی ایشن سے معاہدہ کرلیا ہے۔
سلمان اکبر پین امریکن گیمز تک امریکی گول کیپرز کو تربیت دیں گے۔
39 سالہ سلمان اکبر کو امریکی ہاکی ایسوسی ایشن نے 4 ماہ کے لئے گول کیپرز ٹرینر مقرر کیا ہے۔
سلمان اکبر اس سے پہلے جاپان کی قومی ٹیم کے بھی گول کیپرز کے ٹرینر رہ چکے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں پاکستان کے سابق کپتان نے کہا کہ وہ فی الحال ٹیم کے ساتھ فرینکفرٹ میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نومبر میں امریکا میں اگلے مرحلے کی کوچنگ کریں گے، پین امریکن گیمز یوروگوائے میں جنوری میں شیڈول ہیں۔
سلمان اکبر نے کہا کہ وہ پاکستان ہاکی ٹیم کی کوچنگ کیلئے بھی دستیاب ہوں گے تاہم اس کے لئے معاملات بھی طے کرنا ہوں گے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی آفیشل کی ایک فون کال پر اکیڈمی اور دیگر کمٹمنٹ چھوڑنا ممکن نہیں ہوتا۔