پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہاں ہاتھ ڈالا وہاں تبدیلی نہیں تباہی آئی ہے۔
باغ جناح کراچی میں سانحہ کارساز کے شہدا کی یاد میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر کل آمریت تھی تو آج یہ کٹھ پتلی نظام میں آمریت ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو دہشت گردی سے اور نہ آمر پرویز مشرف سے ڈری اور نہ ہی پی پی کا کوئی جیالا ڈرا ہے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو ملک کو آمریت سے نجات دلانے کے واپس آئی تھیں۔
اُن کا کہنا تھاکہ 18 اکتوبر کو دنیا کو پتہ چلا کہ جیالے بم دھماکے سے بھی نہیں ڈرتے بلکہ جب دھماکے ہوتے ہیں تو ہمارے کارکن اپنی قیادت کی طرف بھاگتے ہیں، وہ دھماکے سے نہیں بھاگتے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان کہتے تھے کہ جب مہنگائی بڑھتی ہے تو اس کا یہ مطلب ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔
انہوں نے کہا کہ جتنی مہنگائی اس وقت اتنی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں رہی تو عمران خان کے بقول جتنا چور اس وقت ہمارا کٹھ پتلی وزیراعظم ہے اتنا بڑا پاکستان کی تاریخ میں کوئی وزیراعظم چور نہیں رہا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ اس وقت بجلی، گیس، پٹرول بے انتہا مہنگا ہے، یہ خان صاحب کا نیا پاکستان ہے، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، انہوں نے ہماری معیشت کی تباہی کا بندوبست کیا ہے۔
جلسے کے آغاز سے قبل پی پی چیئرمین بلاول بھٹو اپنی چھوٹی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری کے ساتھ اسٹیج پر پہنچے تھے۔
جلسہ گاہ میں گہما گہمی عروج پر رہی، بڑی تعداد میں موجود کارکنان انتہائی پرجوش تھے اور پارٹی ترانوں پر رقص اور دھمال کر رہے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج شام پریس کانفرنس کی تھی، جس میں کہا تھا کہ ان حکمرانوں کو نہ پتا تھا کہ حکومت میں آکر کیا کرنا ہے اور نہ ہی انہوں نے کچھ سیکھا ہے۔