اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) نے آئندہ 2 ہفتوں میں ملک گیر احتجاجی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقا ت کی۔
اس ملاقات کے بعد میڈیا بریفنگ میں پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ جو حکمران قوم کے لیے عذاب بن جائیں انہيں مزيد مسلط ہونے کا موقع نہیں دینا چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ کل پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا، جس میں احتجاجی مہم کو حتمی شکل دی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ مظاہروں، ریلیوں میں پوری قوم شرکت کرے، قوم کو گھروں سے نکلنا ہوگا، پی ڈی ایم ہر محاذ پر ان کا ساتھ دے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ قوم پر قرض کا حجم 45 ہزار ارب ہوگیا ہے، قوم کے لیے عذاب بن جانے والے حکمرانوں کو مزید مہلت نہیں دینا چاہتے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے یہ بھی کہا کہ عوام پٹرولیم مصنوعات کے بوجھ تلے دب گئے ہیں، عوام کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لیے میدان میں آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے لیے چراگاہ بنادیا ہے۔