بھارتی پنجاب میں دہشتگردحملوں کا الرٹ جاری ہونے کے بعد برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کو دورہ بھارت کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کو کہا گیا ہے ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی پنجاب میں دہشتگرد حملے کا الرٹ جاری ہونے کے بعد اپنے دورہ بھارت کو منسوخ کردیں۔
برطانوی شہزادہ پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن کے 10اپریل کو بھارت پہنچنے کا امکان ہے جہاں وہ ممبئی کے تاج ہوٹل میں قیام کریں گے، جبکہ بھارت کے تاریخی مقامات کی سیر پر بھی جائیں گے۔
شاہی جوڑا بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان، سونم کپور، رنویر سنگھ اور دیگر کئی فنکاروں سے ملاقاتیں بھی کریںگے۔لیکن اب شاہی جوڑے کو اپنے دورہ بھارت پر نظرثانی کرنے کو کہا گیا ہے ۔
برطانوی اخبار دی سن کے مطابق بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی پنجاب پولیس نے سیکورٹی الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد ممبئی ،دہلی اور گوا کو نشانہ بناسکتے ہیں۔
ہم اس خطرے کو کم نہیں سمجھ رہے اور ان حملوں کو مسترد نہیں کیا جاسکتا۔برطانوی سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہی جوڑے کو اپنا دورہ بھارت منسوخ کردینا چاہیے۔