چوہدری یاسین اور عامر یاسین کیخلاف انتقامی کارروائی بند کی جائے، چوہدری ہارون رشید

October 19, 2021

سلاو ( رپورٹ اورنگزیب چوہدری ) پیپلز پارٹی برطانیہ کے رہنما چوہدری ہارون رشید نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور نومنتحب ممبر اسمبلی چوہدری عامر یاسین سمیت دیگر فیملی ممبرز کے خلاف انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے جسے فوری بند کیا جائے ،انہیں قتل کیس میں جان بوجھ کر ایک سازش کے تحت شامل کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین سمیت ان کے بیٹوں نے ازخود گرفتاری دے کر ثابت کیا ہے کہ وہ قانون اور عدلیہ پر پورا یقین رکھتے ہیں۔ چوہدری ہارون رشید نے مزید کہا کہ عامر یاسین کی بھاری اکثریت سے کامیابی نے ثابت کیا کہ انہیں عوامی تائید و حمایت حاصل ہے، عوامی عدالت سے سرخرو ہونے کے بعد وہ قانونی عدالت سے بھی بہت جلد بے گناہ ثابت ہوں گے۔ چوہدری ہارون رشید نے کہا کہ چوہدری یاسین ایک عوامی لیڈر ہیں جو عوام کے ووٹوں کی طاقت سے ممبر منتحب ہوئے ہیں۔ ان کی قانون کی عملداری اور احترام کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ چوہدری یاسین سمیت ان کے بیٹے کسی طور قتل میں ملوث نہیں۔ ان کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی بند ہونی چاہئے ۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے قائدین کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔ چوہدری یاسین نے رضاکارانہ گرفتاری دیتے وقت جس طرح اپنے کارکنوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی، پیپلز پارٹی امن ،جمہوریت اور عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ برطانیہ میں مقیم اوورسیزکمیونٹی کو پیپلز پارٹی آزاد کشیمر کے صدر چوہدری یاسین اور نومنتحب ممبر اسمبلی چوہدری عامر یاسین سمیت ان کے اہل خانہ کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائیوں پر سخت تشویش ہے۔