مہنگائی کاسونامی حکومت کی ناکامی کاغماز ہے، الطاف شاہد

October 19, 2021

لندن( پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدر چوہدری محمد الطاف شاہدنے کہا ہے کہ مہنگائی کاسونامی حکومت کی ناکامی کاغماز ہے، وزیر اعظم پاکستان کی معاشی واقتصادی بدانتظامی سے عوام کے چولہے بجھ گئے جب کہ فیکٹریوں اور کارخانوں کی چمنیاں بھی بندہو رہی ہیں ،معاشرے کا ہرطبقہ مہنگائی سے بیزاراورنجات کی دہائی دے رہا ہے جب کہ مراعات یافتہ حکمرانوں کاگزارا خوب ہورہا ہے ، چوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے عوام کیخلاف پٹرول بم اوربجلی بم کی انتہا کردی ، معاشرے کاسفیدپوش طبقہ زندہ درگور ہوگیا، حکومت کی ناقص معاشی اصلاحات کے نتیجے میں پوش اورسفیدپوش طبقات میں خلیج بڑھ گئی ہے،انہوں نے کہا کہ پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں حالیہ اضافہ فوری واپس لیاجائے ،پٹرول مہنگاہونے سے ضروریات زندگی کے نرخ بھی آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں کوحکومت کاآشیربادحاصل ہے ورنہ وہ دھڑلے سے عوام کاخون نہ چوس رہے ہوتے ،پی ایس پی کے مرکزی چیئرمین سیّد مصطفی کمال اورمرکزی صدر انیس احمدقائم خانی کوہوشربا مہنگائی پرسخت تشویش ہے ،وہ اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔