جب تک زندہ ہوں قانون کی بالادستی کیلئے لڑتا رہونگا‘ عمران خان

October 21, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی مملکت بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلامی اقدار پر عملدرآمد کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا‘جب تک زندہ ہوں انصاف اور قانون کی بالادستی کیلئے لڑتا رہوں گا ‘90لاکھ پاکستانی بیرون ملک مقیم ہیں، اگر 30 سے 40 ہزار پاکستانی وطن واپس آ کر سرمایہ کاری کریں تو آئی ایم ایف کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ احساس پروگرام کے تحت سوا کروڑ لوگوں کو اگلے ماہ رقم دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو قومی رحمت للعالمینﷺ ۖ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو بنانا ری پبلک کہتے ہیں جہاں قانون نہ ہو، کمزور کو انصاف نہ ملے، بنانا ری پبلک میں جنگل کا قانون ہوتا ہے، بنانا ری پبلک وسائل کی کمی سے نہیں قانون و انصاف کی عدم فراہمی کے باعث بنتی ہے۔