میلاد النبیﷺ کا تقاضا ہےکہ کرپشن سے پاک معاشرہ قائم کیا جائے، محمد غالب

October 23, 2021

برمنگھم(پ ر) سید مودودی فائونڈیشن برطانیہ کے چیئرمین محمد غالب نے کہا کہ اللہ کے رسولﷺکی ولادت اور نبوت کا مشن اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے ایک مسلمان کو یہ حکم ہے کہ پورے کا پورا اسلام میں داخل ہوجائے، نیکی کا حکم دے اور بُرائی سے روکے، عدل اور انصاف کا نظام قائم کیا جائے ،اسلام کو مکمل نظام حیات کے طور پر اپنایا جائے، مسجد سے لے کر پارلیمنٹ تک زندگی کے تمام شعبوں میں اللہ کے قانون کے مطابق فیصلے کیے جائیں، آج دنیا میںایسا کوئی مسلمان ملک نہیں جہاں اللہ کا نظام قائم ہو ۔ انہوں نے کہا کہ میلاد النبیﷺکے اس بابرکت مہینے میں اللہ کے رسولﷺ کے ساتھ جس محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جاتا ہے اس کا تقاضا ہے کہ پورا سال یہی جذبہ برقرار رہے ،رشوت خوری، ذخیرہ اندوزی کرپشن لوٹ مار ملاوٹ سے پاک معاشرہ قائم کیا جائے تاکہ غیر مسلم بھی اس سے متاثر ہوں، مسلمان اسلام کا ایک نمونہ پیش کریں، ایسے عاشق رسولﷺ نہ ہوں کہ جس سے غیر مسلموں کے اندر اسلام کے خلاف نفرت پیدا ہو۔ محمد غالب نے کہا کہ آج مسلمانوں کے57 آزاد ممالک ہیں، کسی بھی ملک میں اللہ کے رسول ﷺ کا لایا ہوا نظام نافذ نہیں ہے، مسلمانوں کا کوئی وقار نہیں، مسلمان قومیت اور فرقوں میں تقسیم ہے ایک دوسرے کے خلاف نفرت اور تعصب کی وجہ سے مسلمانوں کے اندر اتحاد کا فقدان ہے، جس کے نتیجے میں مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں، مسلمانوں کو ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنی ہو گی جو مسلمانوں کے اندر نفرت پھیلا کر اپنے مفادات اور مقاصد حاصل کر رہے ہیں ،مسلمان ملکوں پر ایسے ڈکٹیٹر، بادشاہ، غیر جمہوری اور ظالم حکمران مسلط ہیں جن کی وجہ سے مسلمان ہر جگہ ذلیل اور خوار ہو رہے ہیں۔