مانتا ہوں انہوں نے دھیلے کی نہیں اربوں کھربوں کی کرپشن کی، فرخ حبیب

October 25, 2021

وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ طاقتور کو پہلی بار خوف پیدا ہوا کہ وہ قانون کے اندر ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں فرخ حبیب نے کہا کہ مانتا ہوں انہوں نے دھیلے کی کرپشن نہیں کی، اربوں کھربوں کی کرپشن کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم صفدر ہر پیشی پر اپنا وکیل بدل لیتی ہیں، یہ لوگ تاریخیں لیتے ہیں اور ان کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ پر حملے کرنے والے آج ہمیں بتا رہے ہیں، مریم صفدر کو چیلنج کرتا ہوں کہ کہیں روزانہ کی بنیادوں پر سماعت کی جائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان کے بچوں کے ہاتھ میں کون سا الہ دین کا چراغ آیا، ان کے سارے رشتے دار تو ملک سے باہر بیٹھے ہیں، ڈاکٹر عدنان واپس آ گئے ہیں لیکن نواز شریف ابھی باہر بیٹھے ہیں۔

فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنی سزاؤں کے خلاف 3 سال سے اپیل دائر کی ہوئی ہے، جب کیس میرٹ پر چلانے کی بات ہو التوا کے پیچھے چھپ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھیں جائیں گے، ہم نے احتساب کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ انصاف، قانون کی حکمرانی سب کے لیے ایک جیسی ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی بنیاد انصاف اور انسانیت کے اوپر ہے، ہم نے احتساب کے عمل کو مضبوط کرنا ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ عدلیہ بحالی تحریک میں ہم نے بطور طالب علم بھرپور کردار ادا کیا، احتساب کے عمل میں کوئی رکاوٹ ڈالے تو وکلا دیوار بن کر کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں احتساب کاعمل بھی ضروری ہے، سستا اور فوری انصاف وزیر اعظم عمران خان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ آج سے پہلے مک مکا سے کام لیا جاتا رہا، آج سے پہلے ملک میں کسی نے احتساب کی بات نہیں کی، پی ٹی آئی حکومت عوام خدمت کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کو جیل جانا پڑا، طاقتور کو پہلی بار خوف پیدا ہوا کہ وہ قانون کے اندر ہے، احتساب کے عمل کو کمزور نہیں پڑنے دینا۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی فورم پر پیچھے نہیں ہٹے، وکلا احتساب میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو سامنے سیسہ پلائی دیوار بنیں۔