تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں،165 افراد گرفتار

October 26, 2021

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کرتے ہوئے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 165 افراد گرفتار کر کے ہتھ ریڑھیاں قبضے میں لے لیں۔ سی سی پی او عباس احسن کی ہدایت پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے شہر بھر سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات کے نقصانات بارے آگاہی دی تاہم تجاوزات مافیا کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جس پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے باچا خان چوک, حیات آباد, خوشحال بازاراور نمک منڈی روڈ پر کارروائیاں کی گئیں اور 165 افراد کو گرفتار کرلیا۔اسی طرح کینٹ سیکٹر اور سٹی سیکٹرز میں نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 87 موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کر کے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو حراست جبکہ سامان کو قبضے میں لیکر ٹرمینل منتقل کردیا جاتا ہے۔