اسلام آباد میں ٹیوب ویلز سمیت دیگر تنصیبات کی خود کار نظام پر منتقلی

October 27, 2021

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے واٹر مینجمنٹ ونگ نے اسلام آباد میں پانی کے ترسیلی نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ٹیوب ویلز سمیت دیگر تنصیبات کو خود کار نظام پر منتقل کرنے کا آغاز کردیا جس سے ادارے کو سا لانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی ۔ چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے گزشتہ روزاسلام آباد کے علاقے پونا فقیراں ٹریٹمنٹ پلا نٹ پر ٹیوب ویل آٹومیشن سسٹم کا افتتاح کیا۔ ڈی جی واٹر مینجمنٹ سردار خان زمری نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کو تجرباتی بنیادوں پر آٹومیشن پر منتقل کیا گیا ہے۔اس سسٹم کے تحت پونا فقیراں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر نصب جدید سسٹم سے 25 ٹیوب ویلز کو خودکار نظام کے ذریعے کنٹرول کیا جائے گا اور سیکٹر آئی نائن اور آئی ٹین میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔اس سسٹم سے مذکورہ پچیس ٹیوب ویلز کو ایک ہی کنٹرول روم سے آپریٹ کیا جائے۔اس سسٹم۔کے فعال ہونے سے جہاں پا نی کی سپلائی میں بہتری آئے گی وہاں سی ڈی اے کو سالانہ تین کروڑ روپے کی بچت بھی ہو گی ۔ اس خودکار نظام کی نگرانی موبائل ایپ کے ذریعے سے بھی کی جاسکے گی ۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پونا فقیراں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر نصب سسٹم کو سولر سسٹم پرمنتقل کیا جائے جس سے بجلی کی بچت کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ چیئر مین نے ڈی جی واٹر مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا۔