سعودی عرب نے مہنگائی کے دور میں ساتھ دیا ، وزیر اعظم عمران خان

October 27, 2021

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک میں رکھنے کے اعلان پر سعودی ولی عہد سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ سعودی عرب نے مہنگائی کے دور میں ساتھ دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان نے 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر پٹرولیم مصنوعات میں فنانسنگ پر بھی سعودی حکام سے اظہار تشکر کیا ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سعودی عرب نے ایسے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا جب دنیا کو مہنگائی کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورۂ سعودی عرب کے اگلے ہی روز سعودی عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کی بہتری کیلئے پاکستان کو 3 ارب ڈالر دئیے جانے کا اعلان سامنے آیا تھا۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ سعودی ترقیاتی بینک 3 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کو دےگا اور تیل خریداری میں بھی مدد کرے گا۔

دوسری جانب وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا تھا کہ سعودی ترقیاتی فنڈ پاکستان کو موخر ادائیگیوں کی سہولت پر تیل فراہم کرے گا، پاکستان کو سالانہ 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کا تیل ملےگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی امداد سے تجارت اور فاریکس اکاونٹس پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔