افغان مسائل کا واحد حل مشترکہ اور وسیع البنیاد سیاسی ڈھانچے کا قیام ہے، تہران اجلاس

October 27, 2021

ایران میں افغان پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس کے مشرکا بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان مسائل کا واحد حل مشترکہ اور وسیع البنیاد سیاسی ڈھانچے کا قیام ہے۔ ایسا سیاسی ڈھانچہ جس میں تمام نسلی و سیاسی گروہوں کی شمولیت ہو افغانستان کے مسائل کا حل ہے۔

تہران میں منعقدہ اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں افغان عوام کا طرز زندگی بہتر بنانے کے ساتھ نسلی گروہوں، خواتین اور بچوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے۔

افغانستان کی خودمختاری، سیاسی آزادی، یکجہتی اور علاقائی سالمیت میں تعاون کی ضرورت ہے اور افغانستان کے اندرونی معاملات میں کسی کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔

اجلاس میں زور دیا گیا کہ افغانستان کی مشکلات کے ذمہ دار ممالک افغان مسائل کے حل میں فوری کردار ادا کریں اور افغانستان میں انسانی اور معاشی امداد فراہم کریں تاکہ عسکری گروہ لوگوں کو اپنا آلہ کار نہ بنا سکیں۔

اجلاس کے شرکا نے افغان مرکزی بینک کے منجمد اثاثے جاری کرنے پر بھی زور دیا، اجلاس میں ایران، چین، پاکستان، تاجکستان، ترکمانستان، ازبکستان اور روس کے وزرائے خارجہ شریک تھے۔