آریان خان کیس میں سمیر واکھنڈے پر لگنے والے الزامات پر اہلیہ کا ردِعمل

October 28, 2021

بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے منشیات کیس میں گرفتاری کے معاملے میں بھارتی وزیر نواب ملک کی جانب سے این سی بی کے آفیسر سمیر واکھنڈے پر لگائے گئے الزامات پر ان کی اہلیہ کرانتی ریدکر کا ردّعمل سامنے آگیا ہے۔

سمیر واکھنڈے کی اہلیہ کرانتی ریدکر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اور ان کے شوہر سمیر واکھنڈے ہندو خاندان میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے کبھی اپنا مذہب تبدیل نہیں کیا۔‘

انہوں نے سمیر واکھنڈے پر رشوت لینے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر ہم نے 8 کروڑ روپے لیے تو ہم مالیپ کیوں جائیں گے، ہمیں لندن جاکر وہاں رہنے کے بارے میں سوچنا چاہیے، گھر خریدنا چاہیے، کاروبار شروع کرنا چاہیے اور اپنے بارے میں کچھ بہتر سوچنا چاہیے۔‘

انہوں نے اپنے شوہر پر بالی ووڈ اداکاروں کو ٹارگٹ کرنے کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہاںبہت شور ہے کہ سمیر واکھنڈے بالی ووڈ کو ٹارگٹ کررہے ہیں جوکہ اصل معاملہ ہی نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم صحیح ہیں اور ہمارے پاس ثبوت ہیں، آفیسرز کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے انہیں اس طرح ٹارگٹ کرنا اور ان کی ساکھ خراب کرنا بہت افسوسسناک ہے۔‘

انہوں نے بھارتی وزیر نواب ملک کے الزامات پر اپنا ردّعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’ایک آفیسر پر الزام لگانے کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا اگر ثبوت ہیں تو عدالت کے سامنے پیش کریں ۔‘

سمیر واکھنڈے کی اہلیہ کرانتی ریدکر جوکہ ایک مراٹھی اداکارہ بھی ہیںان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے ایماندار رہنے کی وجہ سے ان کے کام پر اثر پڑے گا تو اس کا انہیں کوئی دکھ نہیں ہے۔