کراچی یونیورسٹی نے ہاکی فائنل جیت لیا

November 23, 2021

ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی، زون جی ) ہاکی چیمپئن شپ کراچی یونیورسٹی نے جیت لی۔ فائنل سرسید انجینئرنگ یونیورسٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایچ ای سی ہاکی چیمپئن شپ کا فائنل رائونڈ دسمبر میں اسلام آباد میں ہوگا جس میں ہر زون سے دو ٹیمیں ہائر ایجوکیشن اسپورٹس گالا ہاکی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گی۔ اسلام آباد میں ہونے والے اسپورٹس گالا میں16 کھیلوں کے مقابلے ہوں گےجنہیں ملک کی 16 یونیورسٹیز آرگنائز کریں گی۔

اسپورٹس گالا کا انعقاد وزیراعظم پاکستان کے خصوصی فنڈز سے کیا جائے گااور اس میں ملک بھر میں پانچ سے سات ہزار ریکارڈ کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ہائرایجوکیشن کمیشن اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جاوید علی میمن اسپورٹس گالاکے آرگنائزنگ سیکرٹری ہوں گے جبکہ کراچی سے سرسید یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اسپورٹس مبشر مختار کو ہاکی کا ایونٹ کرانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ کراچی یونیورسٹی کے محمد راشد قریشی باکسنگ چیمپئن شپ ، اقراء یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر شاہد فقیر ورک گرلز جوڈو جبکہ ایگری کلچرل یونیورسٹی ٹنڈو جام کے ڈائریکٹر اسپورٹس انور خانزادہ بوائز جوڈو ایونٹ کی میزبانی کریں گے۔

سر سید یونیورسٹی اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ایچ ای سی (زون جی) ہاکی چیمپئن شپ کے فائنل میں کراچی یونیورسٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کو 2-0سے شکست دی۔کراچی یونیورسٹی کےاسماعیل اور شاہ زیب نےگول کئے۔ تیسری پوزیشن کے میچ میں اقراء یونیورسٹی نے آئی او بی ایم یونیورسٹی کو زیر کیا۔ اقراء یونیورسٹی کی جانب سے فرخ وسیم اور علی آفریدی نے گول اسکور کئے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلرسر سید یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ انشاء اللہ کراچی سے کوالیفائی کرنے والی یہ دونوں ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اسپورٹس انجینئر جاوید علی میمن نے اختتامی تقریب میں گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے خصوصی طور پر شرکت کی اور سر سید یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کی یونیورسٹی کی سطح پر اسپورٹس کے فروغ میں کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی۔

دیگر معزز مہمانوں میں انٹرنیشنل ہاکی پلیر صمصام قادر اور محمد علی خان، رجسٹرار سر سید یونیورسٹی سید سرفراز علی، انوار حسین خانزادہ، ڈائریکٹر اسپورٹس سرسید یونیورسٹی مبشر مختار، گل فراز احمد خان، راشد قریش، شاہد فقیر ورک، محمد حفیظ، محسن علی خان اور جاوید اقبال بیگ بھی موجود تھے۔چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی اور یوتھ اولمپک ٹیم کے کوچ محمد علی خان تھے جن کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔