آئی الیون فورمیں جدید ذبح خانہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنے گا

November 25, 2021

اسلام آباد( کامرس رپور ٹر ) اسلام آباد کے سیکٹرآئی 11/4میں جدید ترین ذبح خانہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیاجائے گا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ جدید ترین سہولیات کا حامل مذبح خانہ تعمیر ہوگا جس کے ذریعے اسلام آباد کے شہریوں کو تازہ گوشت دستیاب ہوگا، اسلام آباد میں مذبحہ خانہ کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی وزیر اسدعمر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ،اجلاس میں معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان ، راجہ خرم نواز ، پی پی پی اتھارٹی کے سی ای او ر دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے ، اجلا س کو بتایاگیا کہ 8ہزار مربع فٹ رقبے میں مذبح خانہ ہوگا جس میں ابتدائی طور پر ایک ہفتے میں 15ہزار سے زائد جانوروں کا گوشت تیار ہو سکے گا،سی ڈی اے نے میسرز نیسپاک کے کنسلٹنٹ کو فیزیبلٹی سٹڈی کےلیے تعینات کر دیا ہے مذبح خانہ کے ڈیزائن کی تیاری پر 70لاکھ روپے لاگت آئے گی ، جد ید مذبح خانہ میں روزانہ 2ہزار چھوٹے جانور( بکرے) اور 8سو بڑے جانور( گائے وغیرہ) کا گوشت تیار کرنے کی گنجائش ہوگی ، مذبح خانہ میں کولڈ سٹوریج ، فریزنگ روم ، ڈی بونگ ایریا ، پیکنگ روم ، ڈسپیچ روم تعمیر ہونگے ،جانوروں کی جانچ پڑتال ، چیکنگ ، کارپارکنگ ، ٹیوب ویل اور الائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے ایریا بھی ہوگا، روزانہ 25ٹن گوشت بڑے جانوروں سے تیار ہوگااور ان سے 11.25ٹن گوشت چھوٹے جانوروں کا روزانہ تیار ہوگا، جانوروں کے لیےچارے کا انتظام، پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ کمرشل سرگرمیوں کےلیے سی ڈی اے اراضی فراہم کرے گا ، بڈنگ کے عمل پر تیزی سے کام جلد مکمل کیا جائے گا۔