ذہنی و جسمانی صحت پر آگاہی کیلئے مختلف تنظیموں کی ورکشاپ

November 27, 2021

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) گریٹر مانچسٹر کے رہائشیوں کو ذہنی و جسمانی صحت پر آگاہی دینے کے لیے اسپورٹس سنٹر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی طور پر مردوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر مفید معلومات دی گئیں تاکہ اگر وہ اکیلے پن و دیگر مسائل کی وجہ سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں تو ان کی مدد کی جا سکے۔ میئر جینی ہیریسن نے کہا کہ ورکشاپ کا مقصد اکیلے پن یا دیگر مسائل ہیں۔اگر کسی وجہ سے مردوں کی ذہنی و جسمانی صحت متاثر ہو رہی ہے تو ورکشاپس سے وہ مفید معلومات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے لگائے گئے اسٹال پر خدمات انجام دینے والی جمائما کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو عالمی سطح پر ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی پر آگاہی دے رہے ہیں ۔ پینائن کیئر ٹرسٹ کی جانب سے لگائے گئے اسٹال پر خدمات انجام دینے والی ایلی سلفورڈ نے کہا ہم فوج سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد نئی زندگی کا آغاز کرنے والے فوجیوں کو دماغی صحت اور تعلیم کیلئے مدد فراہم کرتے ہیں اور ورکشاپ فائدے مند ثابت ہوئی ہے۔ کونسلر شاہد مشتاق نے کہا کہ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد مردوں کو اگر کسی بھی وجہ سے ذہنی و جسمانی صحت کا مسئلہ ہے تو انہیں مفید معلومات دیکر ان کی مدد ممکن بنائی جائے،کدیلا کا کہنا تھا کہ ہم کمیونٹی کو صحت مند رکھنے کیلئے مختلف جگہوں جسمانی مشقیں کرواتے ہیں اور اولڈہم کونسل کی میئر جینی ہیریسن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ ورکشاپ کا حصہ بنیں ،خواتین کے ساتھ مردوں کی ذہنی و جسمانی صحت پر آگاہی دے کر ان کی عملی مدد معاشرے کے لیے مفید ثابت ہو گی۔