بھارت میں کورونا کی نئی قسم سے متعلق ہدایات جاری

November 29, 2021

بھارت میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون ویرینٹ سے متعلق نئی ہدایات جاری کردی گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رسک کیٹیگری کے ممالک سے آئے مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لازمی ہوگا۔

میڈیا کا کہنا ہے کہ اومی کرون ویرئینٹ کے پیش نظر نئی ہدایات کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا سے ممبئی ایئرپورٹ آنے والے مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا کے مریض میں اومی کرون کی جانچ کی جارہی ہے، متاثرہ شخص کو قرنطینہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے جنوبی افریقا سے سامنے آنے والی نئی قسم کو ’اومی کرون‘ کا نام دیا ہے۔

ماہرین کے مطابق پریشانی کی بات یہ ہے کہ نئی قسم میں مجموعی طور پر 50 جینیاتی تبدیلیاں دیکھی گئی ہیں جبکہ اس کی نسبت کچھ عرصہ قبل دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والی کورونا کی ڈیلٹا قسم میں صرف 2 جینیاتی تبدیلیاں پائی گئی تھیں۔

برطانوی طبی ماہرین کے مطابق بھی کورونا کی یہ قسم اب تک سامنے آنے والی تمام اقسام میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔

رپورٹس کے مطابق خطرناک وائرس کےکیسز کی جنوبی افریقا، یورپ اور اسرائیل میں تصدیق ہوچکی ہے۔ وائرس کا مزید پھیلاؤ روکنےکے لیے عالمی سطح پر ہنگامی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔