عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، کمشنر

December 02, 2021

راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) تحصیل آفس راجہ بازار میں ریونیو کھلی کچہری لگائی گئی۔کمشنر راولپنڈی گلزار حسین شاہ اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے شہریوں کی درخواستیں وصول کیں، انکے مسائل سنے اور موقع پر حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ریونیو کھلی کچہریوں سے شہریوں کے مسائل حل ہوئے ہیں اور ایسے پیچیدہ مسائل جن کے لیے شہریوں کو مختلف افسران کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت تھی وہ ایک ہی جگہ پر حل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن کے تمام ریونیو افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے دفاتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر اوقات مقرر کریں تاکہ لوگوں کو ریونیو کھلی کچہریوں میں آنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا انتظامی اور ریونیو افسران کی بنیادی ذمہ داری عوام کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کے مسائل حل کرنا ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔