محکمے کے حکام الیکشن کمیشن سے پوری دلجمعی سے تعاون کریں، صوبائی وزیر بلدیات

December 02, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی فیصل امین گنڈاپور نے اپنے محکمے کے حکام پر زور دیا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کو چیلنج کے طور پر لیں اور انکے انتہائی پرامن اور خوشگوار ماحول میں شفاف، منصفانہ اور کامیابی سے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن سے پوری دلجمعی سے تعاون کریں انہوں نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ محمود خان کے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مشکور ہیں جنہوں نے بلدیات جیسی اہم ذمے داری انہیں حوالے کی اور انکی حتی المقدور کوشش ہوگی کہ وہ عوامی مفادات کے اس ا ہم محکمہ سے انصاف کریں اور ایسے اقدامات کریں جنکی بدولت یہ محکمہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کے نت نئے منازل طے کرے وہ اپنا قلمدان سنبھالنے کے بعد بلدیات سیکرٹریٹ پشاور میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ہنگامی بریفنگ سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر سپیشل سیکرٹری بلدیات حافظ معتصم باللہ شاہ نے وزیر بلدیات کو بلدیاتی انتخابات کیلئے انتظامات کے علاؤہ اربن و ٹاؤن ماسٹر پلاننگ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، ریونیو جنریشن، سٹی بیوٹیفیکیشن و پلانٹیشن، پشاور ترقیاتی ادارہ سمیت صوبہ بھر میں ترقیاتی اتھارٹیز و ٹی ایم ایز کے ڈھانچے اور کارکردگی سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سیکرٹری حدبندی و انتخابات ساجد گل، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، ڈائریکٹر جنرل بلدیات خدا بخش اور دیگر متعلقہ اداروں اور پراجیکٹس کے سربراہان نے شرکت کی فیصل امین گنڈاپور نے محکمہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ انہوں نے کوویڈ اور ڈینگی کے انسداد کے لئے مہمات میں محکمہ بلدیات کا مشاہدہ خود بھی کیا ہے جس کا صرف وہ ہی نہیں بلکہ عوام بھی معترف ہیں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ زبانی جمع خرچ سے زیادہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور ٹارگٹ اچیومنٹ اور حسن کارکردگی دکھانے والے میونسپل حکام کی ہر طرح حوصلہ افزائی کریں گے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے علاؤہ ہمیں شہری و دیہی ترقی و منصوبہ بندی، صحت و صفائی اور میونسپل سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا چیلنج بھی درپیش ہے جس میں جدید سائنسی علوم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ بھی وقت کا تقاضا ہے انہوں نے کہا کہ وہ صفائی و شجرکاری یا کسی بھی مقصد کیلئے ہفتہ منانے پر بھی یقین نہیں رکھتے بلکہ اسے سال بھر جاری و ساری رکھنے اور اہداف مقرر کرکے اسکا حصول یقینی بنانے کو اصل کام سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ترقی تدریجی عمل ہے جو پلک جھپکتے ممکن نہیں تاہم اس مقصد کیلئے ہماری پرخلوص بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ فرانس سمیت دنیا بھر میں گھومے پھرے ہیں اور یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اخلاص اور مسلسل جدوجہد کی بدولت مغربی قومیں ترقی کے بام عروج کو پہنچیں اور اگر ہم بھی بحیثیت قوم یہ وطیرہ اپنائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ترقی کی معراج تک پہنچنے سے نہیں روک سکتی وزیر بلدیات نے یقین دلایا کہ ٹی ایم ایز اور دیگر میونسپل اداروں کیلئے جدید مشینری کی خریداری اور دوسری سہولیات کے ضمن میں وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی کیونکہ اس محکمہ کا تعلق براہ راست عوام کی سماجی زندگی سے ہے جسے آرام دہ اور پرآسائش بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے ضم اضلاع سمیت صوبے بھر میں زیادہ شجر کاری کیلئے ٹی ایم ایز کو اہداف دینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ میونسپل حکام ہر شہر اور قصبے کی آب و ہوا کے مطابق شجرکاری کریں اور اس سلسلے میں محکمہ ماحولیات سے بھی پورا تعاون کریں۔