امریکی کانگریس میں ایرانی ڈرونز پر پابندی کا بل پیش

December 03, 2021

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی ایوان نمایندگان میں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک نمائندوں کے ایک گروپ نے ایرانی ڈرون کی سرگرمیوں کو روکنے کا بل پیش کردیا۔ اس مسودے میں ڈرون سرگرمیوں کے میدان میں ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون کی سزا مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ نئے بل کے تحت ایران کے روایتی ہتھیاروں کے پروگرام پر امریکی پابندیوں میں ایران کو یا اس سے جنگی ڈرون کی فراہمی، فروخت یا منتقلی بھی شامل ہے۔ امریکی قانون سازوں نے تہران اور اس کے اتحادی گروہوں کو ایسے ڈرون کے حصول سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا ، جو امریکا یا اس کے شراکت داروں کے خلاف حملوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ ایوان نمایندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے چیئرمین گریگوری میکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کے ہاتھ میں مہلک ڈرون طیاروں کی موجودگی دنیا میں دہشت گردی کا سب سے بڑا خطرہ ہے۔