کرسمس رن اپ کی وجہ سے جاب ایڈورٹائز ریکارڈ نئی بلندیوں پر

December 05, 2021

لندن (پی اے) ریکروٹرز کا کہنا ہے کہ کرسمس رن اپ کی وجہ سے جاب ایڈورٹائز نئی بلندیوں کو چھو گئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق متعدد جاب ایڈورٹائز ریکارڈ بلند سطح پر ہیں، جن میں خاص طور پر پریژن آفیسرز،ڈینٹیسٹ،ویٹس اور سکافولڈرز کے اشتہارات کی تعداد ریکارڈ حد تک بڑھ گئی ہے۔ ریکروٹمنٹ اینڈ ایمپلائمنٹ کنفیڈریشن (آر ای سی) کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے تقریباً 210,000 نئی ملازمتیں مشتہر کی گئیں، جس سے مجموعی تعداد 3.51 ملین ہوگئی۔ ریسرچ کے مطابق ہاسپٹلٹی سیکٹر میں منیجمنٹ رولز کے اشتہارات بشمول پبلیکنز،ریسٹورنٹس،کیٹرنگ منیجرز،ہوٹل اینڈ اکوموڈیشن منیجرز میں خاصی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ برطانیہ میں نومبر کے دوران ملازمتوں کے اشتہارات کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ آر ای سی نے کہا کہ کرسمس سے قبل بزنسز تیزی کے ساتھ عملے کی خدمات حاصل کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ آر ای سی چیفایگزیکٹیو نیل کاربیری نے کہا کہ ہم کرسمس کے عروج کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ملازمتوں کے اشتہارات میں اضافے میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتظار کرناچاہئے اور یہ دیکھنا چاہئے کہ اومی کرون ویرینٹ کی خبریں مارکیٹ کو کیسے متاثر کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسٹمرز کے اعتماد میں کسی بھی طرح کی کمی کا سب سے زیادہ نقصان ہاسپٹلٹی سیکٹر کو برداشت کرنا پڑے گا۔ اس ریسرچ ڈیٹا میں ہاسپٹلٹی سیکٹر میں منیجمنٹ رولز میں کمی کی جھلک کرسمس کیلئے ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کی تکمیل کے بعد نمایاں ہونے کے امکانات ہیں۔ بڑی بات یہ ہےکہ مارکیٹ میں اب بہت زیادہ امیدوار موجود ہیں اور فرمز کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ وہ پہلے سے کہیں زیادہ مسابقت کا سامنا کرنے والے عملے کو کس طرح اپنی جانب راغب کریں گے۔