سینٹری ورکرز کی کمی ، صفائی آپریشن متاثر ،شہر میں کوڑا کر کٹ کے ڈھیر

December 06, 2021

ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی سینٹری سٹاف کی کمی سے دوچار ہو گئی ، سینٹری ورکرز کی بھرتی التواء کا شکار ہونے سے صفائی آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ انفورسمنٹ سیل کو شاہراہوں پر کوڑا کرکٹ اور ملبہ پھینکنے والے افراد کے خلاف جرمانے عائد کرنے کے اختیارات بھی تاحال نہ مل سکے، ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا سینٹری سٹاف کی کمی کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہو سکا ، سینٹری ورکرز کی بھرتی کا عمل التواء کا شکار ہونے سے شہر بھر میں صفائی آپریشن بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، دوسری جانب صفائی عملہ کی من مانیاں بھی جاری ہیں ، جس کی وجہ سے گلی محلوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگنا معمول بن چکا ہے ۔ اختیارات نہ ملنے کی وجہ سے جرمانے عائد کرنے کا سلسلہ بھی شروع نہیں ہو سکا اور شہری غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر کوڑا اور ملبہ پھینک رہے ہیں۔ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی عملہ کی کمی پر قابو پانے کے لئے نئی بھرتیاں کی جائیں گی ، جس سے شہر میں صفائی آپریشن میں مزید تیزی لانے میں مدد ملے گی اور شہر کو خوبصورت بنایا جا سکے گا ۔