انڈسٹری کا کونسا معروف اداکار لیاقت علی خان کا پڑپوتا ہے؟

January 10, 2022

پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کے پڑپوتے ’معظم علی خان‘ کا شوبز انڈسٹری میں کامیاب سفر جاری ہے۔

پاکستان کے پہلے وزیر اعظم نوابزادہ لیاقت علی خان کے پڑپوتے ہونے کے ناطے، معظم سیاست میں زیادہ موزوں ہوتے، لیکن انہوں نے اداکاری کا انتخاب کیا، ایک ایسا شعبہ جس میں ان کے اپنے والدین نے کافی عرصہ پہلے قدم رکھا تھا۔

معظم علی خان کے والدین نوابزادہ مشرف علی خان اور ممتاز پروین نے 1990 کی دہائی کے اوائل کے یادگار ڈرامے ’سنہرے دن‘ میں اداکاری کی اور اُن کے والد کی سہولت کے لیے اُن کے گھر پر ہی شوٹنگ کی گئی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ خاندان میں سیاست کا کافی عمل دخل رہا لیکن سیاست میرے لیے نہیں بنی ، خاندان کے کافی لوگوں نے اس میں اپنا حصہ ڈالا لیکن میرے والد ہمیشہ سیاست سے دور رہے اور شاید میرے بھی سیاست میں نہ ہونے کی وجہ یہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست سے ہٹ کر کسی دوسرے شعبے کا انتخاب کیا اور اشتہاری صنعت میں کچھ وقت گزارا جس کے بعد ملک کے معروف ٹیلی کام برانڈز میں سے ایک کے شعبہ تعلقات عامہ اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے شعبے میں کام کیا۔ میرے اس شعبے میں دو ایوارڈز ملنا اس بات کی ضمانت ہے کہ میں نے اپنے لیے صحیح شعبے کا انتخاب کیا۔

معظم علی خان پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں نسبتاً ایک نیا نام نہیں، معظم علی خان نے اپنے ٹی وی کیریئر کا آغاز ڈرامہ سیریل ’ثبات‘سے کیا اور مرکزی کردار کے والد کا کردار ادا کیا اور آج کل وہ ڈرامہ سیریل ’عشقِ لا ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

معظم علی خان پاکستان کے پہلے وزیر اعظم، یعنی لیاقت علی خان کے پڑپوتے ہیں۔ یہ اس حقیقت سے محسوس کیا جا سکتا ہے کہ معظم علی خان اپنے پردادا کی شاندار شخصیت کی عکاسی کرتے ہیں۔

معظم علی خان کا پیشہ:

معظم علی خان شوبز انڈسٹری میں نئے ہیں تاہم اداکار ہونے کے علاوہ وہ ایک کارپوریٹ کمیونیکیشن ایگزیکٹو بھی ہیں اور کارپوریٹ سماجی ذمہ داری ماہر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں انہوں نے تقریبات میں بطور گلوکار اپنی آوازکا جادو بھی جگایا، شوبز انڈسٹری میں ان کے بہت سے کام اسکرین پرفارمنس سے متعلق ہیں، مثال کے طور پر، وہ ایک وائس اوور آرٹسٹ بھی ہیں۔

معظم علی خان کے مشاغل:

معظم علی خان کو شاعری لکھنے اور پھر اسے اپنی خوبصورت آواز میں پڑھنے کا شوق ہے۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس خوبصورت اشعار سے بھرے ہوئے ہیں۔


معظم علی خان کا ماننا ہے کہ ہماری نوجوان نسل اردو شاعری اور ادب سے دور ہوتی جا رہی ہے اور بدقسمتی سے زبان بولنے میں بھی دلچسپی نہیں رکھتی۔

اداکار کا کہنا ہے کہ ’میں نے چند سال پہلے شغل کے طور پر ہی پڑھنا شروع کیا تھا اور مجھے اس سے کوئی خاص توقع نہیںتھی، لیکن جب دنیا بھر کے لوگوں نے اور خاص طور پر نوجوان نسل نے ان ویڈیوز کی تعریف کی تو اس چیز نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔‘