قومی فٹبال کے بحران کا مستقبل حل قریب پہنچ گیا

January 11, 2022

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نےپاکستانی فٹ بال کے معاملات کے حل کیلئے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے مینڈیٹ میں رواں سال 30 جون تک کی توسیع کردی ہے۔ فیفا کی جانب سے پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کو چھ ماہ کی توسیع کالیٹر جاری کیا۔

پاکستانی فٹ بال پر فیفا کی جانب سےپابندی لگائے جانے اور اس کی جانب سےفٹ بال کے معاملات کے حل کیلئے مسلسل دی جانے والی ڈیڈ لائنز پر گزشتہ سال وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ امور ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی سرگرم ہوئیں اور پاکستان فٹبال کی عالمی سطح پر تنہائی ختم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں شروع کردیں اور گزشتہ سال نومبر میں پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز کو خالی کرائےجانے کے حوالے سے حکمت عملی کے تحت پنجاب حکومت کو استعمال کیا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے دفتر کی لیزکی فیس نہ بھرنے پر پنجاب حکومت نے فیفا فٹ بال ہائوس لاہور کے گیٹ پر تالے ڈال کر اسے سیل کردیا ۔

پی ایف ایف کے صدر اشفاق حسین نے پی ایف ایف کے دفتر پر قبضہ کو حکومت پنجاب کی شرارت قرار دیتے ہوئے اسے رات کے اندھیرے میں دفتر کو سیل کرنے کی کارروائی قرار دیا، جس کیلئے انہوں نے عدالت میں پنجاب حکومت کے خلاف کیس بھی دائر کیا۔

پی ایف یف فٹ بال ہائوس کا قبضہ تو اشفاق شاہ کو نہیں مل سکاالبتہ این سی کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن کورٹ لاہور نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے اکائونٹس کے معاملے میں اشفاق حسین کی اپیل خارج کردی اور اشفاق حسین کا پی ایف ایف کا صدر ہو نے کا دعویٰ بھی مسترد کردیا۔

پی ایف ایف بنک اکائونٹس کا کنٹرول لینے کے خلاف نارملائیزیشن کمیٹی کے رکن شاہد نیاز کھوکھر کی استدعا پر عدالت نے پی ایف ایف اکائونٹس منجمد کر دیئے تھے جن کا موقف تھا کہ پی ایف ایف اکائونٹس میں موجود فیفا فنڈزپاکستان کے فٹ بالرز کی امانت ہیں جن کے استعمال کا حق صرف فیفا ہدایات کے مطابق این سی کو حاصل ہے۔

حکومتی اقدامات ،عدالتی فیصلے اور فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی کو چھ ماہ کی توسیع دیئے جانے کے بعد اس بات کے امکانات ہوگئے ہیں کہ نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہیڈآفس کا باضابطہ قبضہ دیدیا جائے گا ۔

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی کو چھ ماہ توسیع، عدالتی اور حکومتی محاز پرہونے والی پیش رفت کو خاطر خواہ کامیابی قرار دے رہی ہے۔ این سی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کام جاری رکھا جائےگا۔ فیفاحکومت کے ساتھ ہونے والے مزاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں ہم قومی فٹبال کےبحران کے مستقل حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔