ایل این جی کھاد پلانٹس کی بندش، یوریا کی پیداوار میں کمی،قلت بھی ہو سکتی ہے

January 17, 2022

اسلام آباد(تنویر ہاشمی ) ایل این جی گیس سے چلنے والے کھاد پلانٹس کی بندش ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار میں کمی اور قلت کا باعث ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے حالیہ اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ ایل این جی گیس پر چلنے والے کھاد کے پلانٹس بند ہونےسے ملک میں روزانہ دو ہزار ٹن کھادکی پیداوار میں کمی ہوسکتی ہے لہذاایل این جی سے چلنے والے پلانٹس کو اضافی گیس کی فراہمی جنوری کے آخر تک جاری رہے گی اور یہ پلانٹس فعال رہیں گے ایل این جی سے چلنے والے فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کو اضافی گیس فراہم کی جائے گی۔

تاکہ یوریا کھاد کی مطلوبہ پیداوار حاصل کی جاسکے، نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا گزشتہ برس ربیع کے موسم میں یور یا کھاد کی 34لاکھ 94ہزار ٹن یوریا کھاد دستیاب تھی۔

جبکہ 32لاکھ44ہزار ٹن کھاد استعمال ہوئی جبکہ رواں برس ربیع کے موسم میں 31کھاد56ہزار ٹن کھاددستیاب تھی اوراس کی طلب31لاکھ95ہزار ٹن سے زائد کاتخمینہ ہےاس طرح طلب کےمقابلے میں پیداوار میں 39ہزار ٹن یوریا کھاد کی کمی ہے۔

نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی نے وزارت صنعت وپیداوار کو ہدایت کی کہ کھاد طلب اور رسد کے مطابق کھاد کی قیمت کے تعین کےلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مرتب کیا پلان مرتب کیاجائے اور کاشتکاروں کے اعتماد کو بحال کیا جائے۔