سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر ائیرپورٹ کے نزدیک علی الصبح بھارتی ڈرون گرادیا گیا، پولیس حکام نے تصدیق کردی۔ عوام کا جوش و جذبہ دیدنی ہے، افواج پاکستان کے حق میں نعرے بلند کررہے ہیں۔ ہفتہ کو صبح سویرے سوا چار بجے کے قریب سکھر ائیرپورٹ کے نزدیک زور دار دھماکہ ہوا ،جس کی آواز دور دراز علاقوں تک سنی گئی۔ اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کنٹرول سنبھال لیا۔ ایس ایس پی سکھر کے مطابق ،دھماکے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا، بھارتی ڈرون کامیابی سے مار گرایا ہے۔ دوسری جانب بھارتی ڈرون گرائے جانے کی اطلاع شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیلی، لوگوں کی بڑی تعداد نے مختلف مقامات پر جمع ہوکر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا، پاک فوج زندہ باد، پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کئے۔