پاکستان کے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، میاں عبدالمنان

January 18, 2022

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور فیصل آباد سے دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے میاں عبدالمنان نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان کے طول و عرض میں لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں ،نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کردیاہے، ان کو اقتدار میں لانے والے بھی پریشان ہیں، عمران خان کو فنانس کرنے والے لوگ پوری قوم سے قیمت وصول کر رہے ہیں، ملکی حالات وقت کے ساتھ ساتھ گمبھیر ہوتے جا رہے ہیں، آج ملک و ملت اور 22 کڑور عوام کی کوئی حیثیت نہیں ہے، ہر الیکشن میں ہمارے حقوق اور ووٹوں کو چوری کر لیا جاتا ہے، اس بار ہم اپنے مینڈیٹ کا دفاع کریں گے۔ سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان نے کہا کہ ان کی میاں محمد نواز شریف سے بڑی تفصیلی ملاقات ہوئی اور پاکستان کے حوالے سے ان کو بتایا کہ پاکستان کن مشکلات سے گزر رہا ہے، عام آدمی کو دو وقت کی روٹی کھانے کےلیے نہیں ملتی، ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اور ملکی معیشت بدنظمی کا شکار ہے ،انہوں نے کہا پاکستان کے ایسے حالات میں میاں نواز شریف کا پاکستان جانا ممکن نہیں اور میاں نواز شریف پاکستان کی عوام کے دلوں میں بستے ہیں، وہ وقت دور نہیں کہ ایک دن نواز شریف پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوکر عوام کے مسائل حل کریں گے۔میاں عبدالمنان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 3 سال قبل عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تھا، اسی ڈاکے کے اثرات پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قاتل بجٹ کو روکنے کی بہت کوشش کی، بجٹ پاس ہونے کے چند گھنٹوں میں بجلی، تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھ گئیں،انہوں نے سوال کے جواب میں کہا کہ سابق وزیراعظم پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات بے بنیاد ہیں ، سابق ایم این اے میاں عبد المنان کے اعزاز میں اولڈھم میں ممتاز بزنس مین چوہدری طارق عزیز کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں میئر آف راچڈیل کونسلر عاصم رشید،سابق لارڈ میئر مانچسٹر کونسلر عابد چوھان،سابق ایم پی فصیل رشید،سالیسٹر رانا ضیاء کے علاوہ کمیونٹی شخصیات نے شرکت کی۔