آسٹریلیا سے ڈی پورٹ جوکووچ سربیا پہنچ گئے،فاتح جیسا استقبال

January 18, 2022

کراچی(جنگ نیوز) عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہوکر اپنےوطن سربیا پہنچ گئے۔ بلغراد ایئر پورٹ پر ان کا فاتح کی طرح اسقبال کیا گیا.

سربین پرچم تھامے کئی پرستار ’’ چیمپئن چیمپئن ‘‘کےنعرے لگارہے تھے، لوگوں نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔

سربین وزیراعظم نے ان کے ساتھ آسٹریلین حکومت کے برتائو کو ’’مکروہ‘‘ قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلین اوپن میں شرکت کیلئے نوواک جوکووچ میلبورن پہنچے تھے، تاہم کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ان کا ویزا منسوخ کیا گیا اور پھر اتوار کو انہیں آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔

دوسری جانب جوکووچ کیلئے فرنچ اوپن میں شرکت بھی مشکل ہوگئی ہے۔ فرانسیسی وزیر کھیل نے واضح کیا ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ایونٹس کیلئے داخل ہونے والے کسی بھی ایتھلیٹ کو لازمی کوویڈ ویکسی نیشن شرط سے استثنیٰ نہیں دیا جائے گا۔

فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مئی اور جون میں کھیلا جائے گا۔