پاکستانی کمپنی نے پہلی الیکٹرک کمرشل وہیکل متعارف کروادی

January 19, 2022

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) ستارہ انجینئرز نے ٹیسلا انڈسٹری کے اشتراک سے پاکستان میں پہلی الیکٹرک کمرشل وہیکل متعارف کروا دی ہے۔ اس سلسلے میں تعارفی تقریب گزشتہ روز ہوئی جس میں 11 نشستوں والی منی بس اور ایک ٹن وزن لوڈ کرنے کی استعداد رکھنے والی کارگو وین کے علاوہ انہیں چارج کرنے کے لئے سولر چارجنگ سٹیشن اور اے سی چارجر بھی نمائش کے لئے پیش کئے گئے۔ اس موقع پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر اور ستارہ کیمیکل کے سی ای او میاں محمد ادریس، سی ای او ستارہ انجینئرز نواز الحق اور ٹیسلا انڈسٹری کے سی ای او عامر حسین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور فضائی آلودگی و سموگ کی وجہ سے یہ انتہائی ضروری ہو گیا تھا کہ کمرشل الیکٹرک وہیکلز متعارف کروائے جائیں۔